اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

کائنات کے گوشہ و کنار میں مولائے کائنات کی شب شہادت کا غم

مولائے متقیان، امیرالمومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و سیاہ پوش ہے اور ہر طرف مجالس و نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔
خبر کا کوڈ: ۱۵۵۰
تاریخ اشاعت: 22:23 - June 05, 2018

کائنات کے گوشہ و کنار میں مولائے کائنات کی شب شہادت کا غممقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولی الموحدین امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے دنیا کے گوشہ و کنار میں عزاداری کا سلسلہ شب انیس رمضان المبارک یعنی شب ضربت سے ہی شروع ہو گیا ہے۔ عراق کے مختلف شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین، سامرا اور مسجد کوفہ جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں ہر طرف مجالس عزاء اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔

اس موقع پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش و عزادار ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات نیز سڑکوں پر سیاہ پرچم نصب کئے گئے ہیں۔ مشہد المقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ (س) کے مبارک و مقدس روضوں میں عزاداروں کا جم غفیر ہے جہاں اہلبیت اطہار (ع) کے عقیدت مندوں کی جانب سے اشکبار آنکھوں سے فاتح خیبر، مشکل کشاء، مولا امیرالمومنین حضرت امام علی بن ابیطالب (ع) کی شب شہادت کی مناسبت سے پرسہ پیش کیا جا رہا ہے۔

مقدس روضوں کی فضا اہلبیت اطہار (ع) کے شیدائیوں کی آہ و بکا سے گونج رہی ہے۔ سوگواروں اور عزاداروں کی جانب سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت امام علی (ع) کے حضور اشکوں اور عقیدت کے نذرانے پیش کئے جا رہے ہیں- نجف اشرف سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں سوگوار و عزادار حرم مطہر اور اس کے اطراف میں اپنے اپنے مخصوص انداز میں مولائے کائنات کی مظلومانہ شہادت کا غم منا رہے ہیں۔

نجف اشرف کی فضا پوری طرح سوگوار ہے۔ ہندوستان اور پاکستان میں بھی جناب امیر علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا برپا ہیں اور جلوس عزا برآمد کئے جا رہے ہیں-

اس درمیان اکیس ماہ مبارک رمضان کی شب چونکہ شب قدر بھی ہے، عاشقان خدا اور پیروان رسالت و ولایت مولا علی علیہ اسلام کی شب شہادت کے غم میں عزاداری کرنے کے ساتھ ساتھ اعمال شب قدر بھی انجام دینے کی تیاریوں میں مصروف ہیں-

اہلبیت اطہار علیہم السلام کے یہ چاہنے والے پوری رات بیدار رہ کر اللہ کے حضور دعا و نیائش کریں گے اور اسلام و مسلمین کی سربلندی کی دعا کریں گے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں