اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

پنجاب میں بارش سے موسم خوشگوار، مختلف علاقوں میں حادثات سے 6افراد جاں بحق

لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارش جاری ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
خبر کا کوڈ: ۱۷۵۹
تاریخ اشاعت: 14:31 - July 03, 2018

پنجاب میں بارش سے موسم خوشگوار، مختلف علاقوں میں حادثات سے 6افراد جاں بحقمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق،لاہور سمیت پنجاب  بھر میں شدید بارش جاری ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

تازہ واقعات میں گمٹی بازار میں واقع جوتے بنانے کے کارخانے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چائنا اسکیم میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سےایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چائنا اسکیم ہی کے علاقے گج پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہوگئے۔

اس سے قبل علی الصبح لاہور کے علاقوں ریواز گارڈن اور مزنگ میں تیز بارش کے باعث بجلی کے تاروں سے کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق ہوگئے۔

تیز بارش کے باعث ریواز گارڈن میں بجلی کے تاروں سے کرنٹ لگنےسے ریواز گارڈن چوکی کے ڈرائیور امانت اور رضاکار شاہ زیب جاں بحق ہو گئے جبکہ قرطبہ چوک پر موٹر سائیکل پر سوار اکبر نامی نوجوان بجلی کے تاروں سے چھو جانے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔

تیز بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو ئی، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔

لاہورکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، شہر کے متعلق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ مون سون بارش کا نیا اسپیل داخل ہوا ہےجس کی وجہ سے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، بارش کا یہ سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا۔

ادھر موسلادھار بارش کے بعد لاہور کے اکثر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی اکھٹا ہو گیا ہے، بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا ہے، جس سے کئی علاقوں کے رہائشیوں کو مسائل کا سامنا ہے، سڑکوں پر جمع پانی کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں،بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں مواصلات کا نظام متاثر ہوا ہے۔

بارش کی وجہ سے شہر کے ڈیڑھ سو سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کی وجہ سے لاہور کے کئی علاقے بجلی سے کئی گھنٹوں سے محروم ہیں۔

لاہورکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، شہرمیں 139، ایئرپورٹ پر 90 اورپنجاب یونیورسٹی پر 85ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے وسطی علاقوں میں گزشتہ24گھنٹوں میں سب سےزیادہ بارش لاہورشہرمیں 139ملی میٹر ہوئی، جہلم میں49ملی میٹر، اسلام آباد میں 39، گجرات میں 36 اور گوجرانوالہ میں 33ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی میں 22ملی میٹر، مری میں 20ملی میٹر ،مالم جبہ میں 41، بالا کوٹ میں 28اور راولاکوٹ میں 17ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے، پنجاب کےکئی شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد آج بھی کئی شہروں میں موسم جزوی ابرآلود ہے، آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم خوشگوار ہے۔

سندھ میں دادو، نواب شاہ، جیکب آباد اور بلوچستان میں سبی، دالبندین سمیت کئی میدانی علاقوں میں گرمی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

پنجاب میں گوجرانوالہ اور منڈی بہاءالدین میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ کئی شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد آج بھی موسم جزوی ابرآلود ہے۔

نیلم، آزادکشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہے، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم جزوی ابرآلود ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ،پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں