اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

سانحہ مستونگ میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

مستونگ دھماکے کے مزید تین زخمی دم توڑ گئے جس کے نتیجے میں اس دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک سو اکتیس ہوگئی - سانحہ مستونگ پر پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے دوکانین اور سرکاری ادارے بند ہیں - اسلامی جمہوریہ ایران سمیت مختلف ملکوں اور شخصیات نے مستونگ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے -
خبر کا کوڈ: ۱۸۳۷
تاریخ اشاعت: 16:32 - July 14, 2018

سانحہ مستونگ میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، جمعے کی شام کوئٹہ کے قریب مستونگ کے علاقے ڈرین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے میں ہونے والے خوفناک خودکش دہشت گردانہ بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد ایک سو اکتیس ہوگئی ہے جبکہ ایک سو پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئےہیں- کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے -     

اس درمیان سانحہ مستونگ کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور دوکانین و دفاتر بند ہیں - حکومت بلوچستان نے دو روزہ  عام سوگ کا اعلان کیا ہے ، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے تین روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے -    

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سراج رئیسانی اور دیگر جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ اور تدفین الگ الگ مقامات پر جاری ہیں -    

دوسری جانب سانحہ مستونگ کے خلاف کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں وکلا نے احتجاج کیا اور عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا - مستونگ سانحے کے بعد کوئٹہ اور مستونگ میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے - مختلف پارٹیوں نے کوئٹہ اور صوبے کے دیگر شہروں میں اپنے اپنے انتخابی جلسے منسوخ کردئے ہیں -    

پاکستان تحریک انصاف نے کوئٹہ میں سترہ جولائی کو ہونے والا انتخابی جلسہ منسوخ کردیا ہے - جلسے کو خود عمران خطاب کرنے والے تھے - بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی اپنے انتخابی جلسے منسوخ کردئےہیں -     

مستونگ میں دہشت گردانہ حملے کی پاکستان کے صدر ممنون حسین ، نگراں وزیراعظم ناصرالملک، آرمی چیف،  جنرل باجوہ اور صوبہ بلوچستان کے نگراں وزیراعلی نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔  

اس کے علاوہ دیگر اہم سیاسی شخصیات نے سانحے  میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی -     

اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی مستونگ دہشت گردانہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ اور حکومت نیز عوام کو تعزیت پیش کی ہے-    

یورپی یونین نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستانی عوام کو جمہوری حق سے محروم کرنے کی بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے - واضح رہے کہ مستونگ میں جمعے کی شام بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار کے انتخابی جلسے میں خود کش دہشت گردانہ بم حملہ ہوا جس میں سراج رئیسانی سمیت ایک سو اکتیس افراد جاں بحق جبکہ ایک سو پچاس سے زائد زخمی ہوئے ۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں ایک سو ستانوے افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دہشتگرد گروہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے -

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں