اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

مشتاق غنی اسپیکر خیبرپختونخوا اورآغا سراج اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب

پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور آغا سراج درانی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئےہیں ۔
خبر کا کوڈ: ۲۲۱۷
تاریخ اشاعت: 0:04 - August 16, 2018

مشتاق غنی اسپیکر خیبرپختونخوا اورآغا سراج اسپیکر سندھ اسمبلی منتخبمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

پریذائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھا کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی، پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی کامیاب قرار پائے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 124 کے ایوان میں 108 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے مشتاق غنی نے 81 جب کہ اپوزیشن کے لائق محمد نے 27 ووٹ حاصل کیے۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی ایک مرتبہ پھر سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی کی سربراہی میں شروع ہوا۔ جن کی نگرانی میں اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی اور ایم کیو ایم کے جاوید حنیف مدمقابل تھے۔

اسپیکر کے انتخاب میں 158 ووٹ کاسٹ ہوئے، آغا سراج درانی کو 96 جبکہ جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے جب کہ 3 ووٹ مسترد ہوئے، اس کے علاوہ ٹی ایل پی کے یونس سومرو نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ آغا سراج درانی سے ریزائیڈنگ افسر میر نادر مگسی نے حلف لیا۔

دوسری جانب گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے گورنر پنجاب کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا۔

 گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا اور بار کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے گورنر پنجاب کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے جس اعتماد کا اظہار کیا انہوں نے اس پر پورا اترنے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں گورنر سندھ بننے والے محمد زبیرنے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  نے کراچی سے پارٹی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں