اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

ایران کے وزیر خارجہ اہم دورے پر شام پہنچ گئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے شام سے دہشت گردوں کی نابودی پر ایک بار پھر تاکید کی ہے۔
خبر کا کوڈ: ۲۳۷۳
تاریخ اشاعت: 17:19 - September 04, 2018

ایران کے وزیر خارجہ اہم دورے پر شام پہنچ گئےمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے دمشق پہنچنے پر کہا کہ شام کے صوبہ ادلب میں باقی بچے دہشت گردوں کا ہر حال میں صفایا ہونا چاہئے - ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے شام سے متعلق ایران روس اور ترکی کے سہ فریقی سربراہی اجلاس سے قبل شام کا دورہ کیا ہے تاکہ وہ شامی حکام سےمختلف موضوعات پر بات چیت کریں -

وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے دمشق  پہنچنے پر کہا کہ شام میں استقامتی محاذ کی کامیابی اور دوسری جانب شامی عوام کے لئے مسائل و مشکلات کھڑی کرنے کے لئے سامراجی طاقتوں اور دہشت گردوں کی کوشش  نیز سامراجی سازشوں کی ناکامی وہ موضوعات ہیں جن پر آج پوری دنیا میں بحث و  مباحثہ جاری ہے-

ان کا کہنا تھا کہ شام کی ارضی سالمیت کا ہر حال میں تحفظ کیا جانا چاہئے - وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہاکہ شام میں سبھی گروہوں اور اقوام کو چاہئے کہ وہ ملک کے قومی پرچم تلے ایک متحد قوم کے طور پر تعمیر نو کا عمل شروع کریں اور شامی پناہ گزیں اپنے گھروں کو لوٹیں - انہوں نے زور دے کہا کہ شام کے صوبہ ادلب میں  باقی بچے دہشت گردوں کا ہر حال میں صفایا کیا جائے اور پورے صوبے کو شامی عوام کے سپرد کیا جائے -

وزیرخارجہ نے کہاکہ تہران میں ایران روس اور  ترکی کے سہ فریقی سربراہی اجلاس سے قبل ضروری ہے کہ اس سلسلے میں شامی دوستوں سے صلاح و مشورہ کیا جائے اور سیاسی طریقے سے شام کے بحران کے حتمی حل تک پہنچنے کی پالیسیوں کا جائزہ لیا جائے - اس درمیان روسی وزیرخارجہ نے ماسکو میں اپنے لبنانی ہم منصب سے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت جب امریکا شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے ماسکو تہران اور انقرہ کی کوشش ہے کہ شام کی مشکلات جلد سے جلد حل ہوجائیں -

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے لبنان کے وزیرخارجہ جبران باسیل سے ملاقات میں کہاکہ واشنگٹن شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی راہ میں مشکلات پیدا کررہا ہے - روسی وزیرخارجہ نے اس  بات کا بھی انکشاف کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹیٹ نے خفیہ طور پر اپنے ادارے سے کہا ہے کہ وہ شام میں اس وقت تک کسی بھی اقتصادی تعمیر نو کے منصوبے میں شرکت نہ کرے جب تک شام میں سیاسی اقتدار کی منتقلی عمل میں نہیں آجاتی -

روسی وزیرخارجہ لاوروف کا کہنا تھا کہ روس نہیں سمجھتا کہ  سلامتی کونسل بھی امریکا کے غیر تعمیری موقف کی وجہ سے شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے بارے میں کوئی موثر فیصلہ کرسکے گی -

انہوں نے کہا کہ ماسکو، ایران اور ترکی کے ساتھ مل کر جو شام  میں امن کے ضامن ممالک ہیں آستانہ مذاکرات کے دائرہ کار میں شام کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے میں لگا ہوا ہے - روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ماسکو مستقل طور پر خواہ ٹیلی فونیک رابطوں  یا براہ راست مذاکرات کے ذریعے شام میں بحران کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے اور وہ شام کے صوبہ ادلب کے مسائل پر خاص توجہ رکھے ہوئے ہے -

پیغام کا اختتام/
آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں