اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

امریکی قیادت کے حالیہ بیانات مکمل طورپر ناقابل فہم اورحقائق کے منافی ہیں

قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستان کیخلاف امریکہ کے صدر ڈونلڈٹرمپ کے حالیہ بیانات پر شدیدمایوسی کااظہار کیاہے اور پاکستان کے علاقائی امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ: ۲۷
تاریخ اشاعت: 10:00 - January 03, 2018

امریکی قیادت کے حالیہ بیانات مکمل طورپر ناقابل فہم اورحقائق کے منافی ہیںمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا۔

کمیٹی نے اس عزم کابھی اعادہ کیاکہ پاکستانی قوم اپنے وطن کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیرمعمولی ہمت وحوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پراتفاق رائے ہوا کہ تمام ترجھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے باوجود پاکستان جلد بازی میں کوئی قدم نہیں اٹھائے گا اور افغانستان میں قیام امن کیلئے افغانوں کی سربراہی میں مصالحتی عمل میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہاگیا کہ افغانستان میں اجتماعی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں ٹھہرایاجاسکتا اور اتحادی ملکوں پرالزام تراشی کے ذریعے افغانستان اور خطے میں پائیدار امن کے مشترکہ اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے۔

کمیٹی کے اجلاس میں مزید کہاگیا کہ امریکی قیادت کی جانب سے حالیہ بیانات یکسر ناقابل فہم اورحقائق کے منافی ہیں اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کو دھچکہ لگا ہے کیونکہ ان بیانات میں پاکستانی قوم کی جانب سے علاقائی اور عالمی امن کیلئے دی گئی بے شمار قربانیوں کااعتراف نہیں کیاگیا۔

اجلاس میں کہاگیا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی مہم نے افغانستان میں موجودمتعدد دہششت گرد تنظیموں کے ممکنہ توسیعی عزائم کیخلاف دیوار کاکام کیا ہے اور اس حقیقت کا اعتراف اعلیٰ سطح کے امریکی حکام نے بھی کیا ہے۔ افغانستان میں موجودہ دہشت گردوں نے پاکستان میں لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بے گناہ پاکستانیوں پر بار بار سرحد پارسے حملے کئے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ بنیادی طورپر اپنے وسائل سے لڑی اور اس جنگ میں بھاری جانی ومالی نقصا ن اٹھایا۔

اجلاس میں اس حقیقت کااعادہ کیاگیا کہ پاکستان نے افغانستان میں امریکہ کی زیرقیادت عالمی کوششوں کی ہمیشہ بھرپور حمایت کی ہے اور انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے تعاون سے خطے میں القاعدہ کاخاتمہ کیاگیا۔

اجلاس میں کہاگیا کہ آپس میں سیاسی لڑائی، بدعنوانی ،منشیات کی پیداوار میں اضافہ اور افغانستان میں حکومتی عملداری کے بغیر علاقوں میں اضافہ جہاں کئی بین الاقوامی دہشتگرد تنظیموں کے ٹھکانے موجود ہیں، پورے خطے کیلئے شدید خطرہ ہیں۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں