اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

سعودی صحافی اس دنیا میں نہیں رہے لاش کے ٹکڑے کئے گئے

امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کئے گئے۔
خبر کا کوڈ: ۲۸۲۶
تاریخ اشاعت: 9:03 - October 17, 2018

سعودی صحافی اس دنیا میں نہیں رہے لاش کے ٹکڑے کئے گئےمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، استنبول میں سعودی قونصل خانے میں لاپتہ ہوجانے والے ممتاز سعودی صحافی اور تجزیہ نگار جمال خاشقجی کو دوہفتے قبل قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردیئے گئے تھے اس بات کا انکشاف ایک ترک اہلکار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے۔

اس سے قبل عین یہی بات نیویارک ٹائمز نے بھی اس وقت  کہی تھی جب جمال خاشقجی استنبول سے لاپتہ ہوگئے تھے جس پر بین الاقوامی میڈیا میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔

خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں اپنی ترک منگیتر سے شادی کے کاغذات بنوانے گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق وہ قونصل خانے کے اندر تو داخل ہوئے لیکن باہر نہیں آئے اور اب تک لاپتہ ہیں۔

ایک روز قبل ترک حکام نے سعودی قونصل خانے کا بغور جائزہ لیا اور 9 گھنٹے مسلسل چھان بین کی، اگرچہ انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن اتنا کہا ہے کہ سفارت خانے کے ایک کمرے میں تازہ رنگ وروغن کیا گیا ہے۔

جمال خاشقجی ماضی میں سعودی حکومتوں کے مشیر بھی رہ چکے تھے تاہم انہوں نے سعودی حکام، بادشاہت اور دیگر امور پر شدید تنقید شروع کردی، اس کے نتیجے میں انہیں کئی بڑے میڈیا اداروں سے فارغ کیا گیا اور حکومتی حلقے ان کے خلاف ہو گئے جس کے بعد وہ واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ ہوگئے اور یہ سلسلہ ان کی گمشدگی اور قتل تک جاری رہا۔

خاشقجی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر شدید تنقید کرتے رہے تھے اور یمن میں جنگ کے بعد ان کی تنقید مزید شدید ہوگئی تھی۔ دوسری جانب ترک حکام نے کہا تھا کہ جمال کے قونصل خانے جانے کے بعد کم ازکم 15 افراد قونصل خانے میں داخل ہوئے تھے۔ چند گھنٹوں بعد یہ تمام افراد قونصل خانے سے واپس چلے گئے تھے اور انہی مشکوک افراد کو جمال خاشقجی کے قتل کا ذمے دار ٹھہرایا جارہا ہے۔

ادھرسعودی بادشاہ اور ولی عہد سے ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ سعودی قیادت نے صحافی کی گمشدگی پر احتساب کا یقین دلایا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو سعودی قونصل خانے سے لاپتہ ہوئے تھے، جبکہ سعودی عرب نے استنبول کے قونصلیٹ میں کسی واقعے سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا ہے .

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں