اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے کا غم شہادت

آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شب شہادت کا غم اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ: ۳۰۴۰
تاریخ اشاعت: 21:13 - November 15, 2018

آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے کا غم شہادتمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آٹھ ربیع الاول کو فرزند رسول خدا حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کا یوم شہادت ہے آپ کو عراق کے شہر سامراء میں زہر دغا سے شہید کر دیا گیا تھا۔ آپ کی شہادت کے بعد سے ہی آپ کے فرزند امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف پردہ غیب میں ہیں اور جب حکم خدا ہو گا آپ ظہور فرمائیں گے اور دنیا میں عدل و انصاف قائم کریں گے۔ 

فرزند رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام، آسمان امامت و ولایت کے بارہویں درخشاں ستارے اور شیعیان جہان کے بارہویں امام حضرت امام مہدی عجل کے والد گرامی ہیں جن کی آمد کا پوری دنیا شدت سے انتظار کر رہی ہے۔

امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے خصوصی پروگرام میں شرکت کے لیے عراق اور دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین سامرا پہنچ گئے ہیں۔  سامرا میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے روضے میں ہزاروں عقیدت مندوں کا اجتماع ہے حرم امام حسن عسکری کے مختلف گوشوں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جن میں مقررین آپ کے فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں۔ عراق کے مختلف شہروں سے سامرا آنے والے زائرین انفرادی طور پر اور ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔

فرزند رسول امام حسن عسکری علیہ السلام کی شب شہادت پر اسلامی جمہوریہ ایران بھی سوگوار و عزادار ہے۔ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا اور نوحہ ماتم کا سلسلہ جاری ہے- اس سلسلے کے مرکزی پروگرام مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت اور عزاداران آل محمد، حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر اشک ماتم بہا رہے ہیں اور امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کو ان کے پدربزرگوار کا پرسہ دے رہے ہیں۔

فرزندرسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام  فرماتے ہیں جو شخص اپنے بھائی کو چپکے سے نصیحت کرے تو گویا اس نے اسے آراستہ کیا اور جس نے دوسروں کے سامنے اس کو نصیحت کی گویا اس نے اسے بدشکل بنا دیا۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں