اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی سازشیں ناکام ہوں گی، صدر ڈاکٹر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکیوں نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران ہر روز ایرانی عوام کے خلاف نت نئی سازشیں کی ہیں لیکن ہمیشہ ان کی سازشیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔
خبر کا کوڈ: ۳۸۴۳
تاریخ اشاعت: 20:26 - April 24, 2019

ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی سازشیں ناکام ہوں گی، صدر ڈاکٹر روحانیمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ امریکا، ایران کے خلاف سبھی بین الاقوامی، علاقائی، سیاسی اور تشہیراتی میدانوں میں ہمیشہ ناکام رہا ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام امریکا کے غیر قانونی اقدامات کے مقابلے میں استقامت و پامردی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران امریکا کو اس کے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات پر پشیمان کر دے گا-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اس جارح کو جو ہر ہر قدم پر ایرانی عوام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے یہ سمجھائے جانے کی ضرورت ہے کہ اس نے غلط راستے کا انتخاب کیا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچانے کا امریکی صدر ٹرمپ کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران مختلف طریقوں اور راستوں سے اپنا تیل فروخت کرتا رہے گا- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی تیل کے خریدار ملکوں کے لئے امریکا کی طرف سے دی گئی چھوٹ کی مدت میں توسیع نہ کرنے کے امریکی حکومت کے فیصلے کی علاقے کے بعض ملکوں کی جانب سے کی جانے والی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو جان لینا چاہئے کہ ان کا وجود اگر آج باقی ہے تو یہ ایران کے دانشمندانہ فیصلے کی ہی وجہ سے ہے کیونکہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران نے اقدام نہ کیا ہوتا تو عراق کی بعثی حکومت کا معدوم ڈکٹیٹر صدام ریاض اور ابوظہبی پر بھی قبضہ کر چکا ہوتا-

انہوں نے بیشتر ہمسایہ ملکوں کے ساتھ ایران کے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض ہمسایہ ممالک جو ایران مخالف امریکی اقدامات میں واشنگٹن کا ساتھ دے رہے ہیں، انہیں جان لینا چاہئے کہ ٹرمپ کا دور اقتدار ختم ہو جائے گا لیکن اسلامی جمہوریہ ایران باقی رہے گا-

اس درمیان رویٹرز نیوز ایجنسی نے ایرانی تیل کے خریدار ملکوں کے لئے امریکا کی طرف سے دی گئی چھوٹ کی مدت میں توسیع نہ کرنے کے امریکی حکومت کے فیصلے کو امریکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور امریکی شہریوں کی مشکلات کا باعث قرار دیا-

وائٹ ہاؤس نے پیر کو اعلان کیا کہ ایران سے تیل خریدنے والے ملکوں کو دی گئی چھوٹ کی مدت میں اب توسیع نہیں کی جائے گی اور دو مئی کے بعد یہ ممالک ایران سے تیل نہیں خرید سکیں گے بصورت دیگر ان کے خلاف امریکا کی طرف سے تادیبی کارروائی کی جائے گی-

واشنگٹن نے دو ہزار اٹھارہ میں بھی اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے تیل کی برآمدات کو صفرتک پہنچا دے گا لیکن وہ اپنی اس پالیسی کے نفاذ میں ناکام ہوگیا اور مجبور ہو کر اس نے چین، جاپان، ہندوستان، جنوبی کوریا، ترکی، اٹلی، یونان اور تائیوان کو ایران سے تیل خریدنے کی چھوٹ دے دی تھی-

امریکا کے اس تازہ فیصلے کے بعد امریکی ریاست کیلیفورنیا کے بعض علاقوں میں پٹرولیم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے-

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں