اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

روس نے ہوائی حملوں میں یوکرائن کے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا

روس نے یوکرائن پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں یوکرائن کے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ روس نے اپنے جنگی طیارے کے سرنگوں ہونے کی خبر کو مسترد کردیا ہے۔۔
خبر کا کوڈ: ۵۱۲۸
تاریخ اشاعت: 12:37 - February 24, 2022

روس نے ہوائی حملوں میں یوکرائن کے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیامقدس دفاع نیوز ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس نے یوکرائن پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں  یوکرائن کے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ روس نے اپنے جنگی طیارے کے سرنگوں ہونے کی خبر کو مسترد کردیا ہے۔۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق اس نے یوکرائن کے ایئر بیسز کا انفرا اسٹرکچر ناکارہ بنا دیا ہے۔

روسی حملے کے بعد یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں دھماکے بھی سنے گئے ہیں جبکہ پورے یوکرائن میں مارشل لاء نافذ کر دیا گیا ہے۔

یوکرائن کے صدر زیلنسکی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مارشل لاء کا نفاذ پورے ملک پر ہو گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتین نے یوکرائن پر خصوصی فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے یوکرائن کی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر پوتین نے دھمکی دی ہے کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا۔

پوتین کے مطابق یہ فوجی آپریشن یوکرائن کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کے لیے ہے۔

روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سول طیاروں کے لیے یوکرائن کی فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔

یوکرین سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کے لیے فضائی حدود کی بندش کا نوٹم بھی جاری کر دیا ہے۔

یوکرائن کی جانب سے مختلف شہروں پر روس کے حملے کی سرکاری سطح پر تصدیق کی گئی ہے۔

روسی حملے کے بعد یوکرین کا پہلا بیان سامنے آیا ہے جس میں یوکرینی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت کیف، ماریوپول، اڈیسہ اور دیگر شہروں پر حملے ہوئے ہیں۔

یوکرائن کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ روس نے بیلیسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسہ میں پہنچ گئی ہے۔

روسی فوج کی جانب سے یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر میزائل حملے کیے گئے ہیں۔

روس اور یوکرائن کے درمیان کشیدگی اور تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس یوکرائن کی درخواست پر بلایا گیا ہے، 3 روز کے دوران سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ہنگامی اجلاس ہو گا۔ ادھر امریکہ اور یورپی ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

ذرائع  کے مطابق روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر روسی حملے سے آگاہ کر دیا۔

روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے۔

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں