اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

مکتب جعفریہ کےبانی حضرت امام جعفر صادق(ع) کی شہادت کا غم

آسمان امامت و ولایت کے چھٹے درخشاں ستارے فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شب شہادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور شاہراہوں پر سیاہ پرچم اور بینرز لگائے گئے ہیں اور مساجد و امام بارگاہوں میں مجالس عزا و سینہ زنی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایام شہادت کی مناسبت سے عراق، لبنان، بحرین، شام ، پاکستان اور ہندوستان نیز پورا عالم اسلام عزادار اور نوحہ کناں ہے اور ہر جگہ عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
خبر کا کوڈ: ۱۷۹۴
تاریخ اشاعت: 23:45 - July 08, 2018

مکتب جعفریہ کےبانی حضرت امام جعفر صادق(ع) کی شہادت کا غممقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مکتب جعفریہ کے بانی حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ایران کے مقدس شہروں خاص طور سے مشہد میں فرزند رسول (ص) حضرت امام علی رضا (ع) کا  روضہ مطہر اور قم المقدسہ میں آپ (ع) کی خواہر گرامی حضرت فاطمه معصومہ (س) کا روضہ زائرین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے جہاں اہلبیت اطہار (ع) کے چاہنے والے آپ (ع) کے جد امجد کی شہادت کی مناسبت سے پرسہ دے رہے ہیں۔

ہر طرف مجالس عزا آہ و بکا اور نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہیں اور ذاکرین و مقررین حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے آپ (ع) کے فضائل و مصائب بیان کر رہے ہیں۔

امام جعفرصادق (ع) جمعہ طلوع فجر کے وقت اور دوسرے قول کے مطابق منگل 17 ربیع الاول سن 80 ھ ق کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔

روایات کے مطابق فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے والد بزرگوارحضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کے بعد اکتیس سال کی عمر میں ایک سو چودہ ہجری قمری کو عوام کی ہدایت و رہنمائی کا فریضہ سنبھالا اورمنصب امامت پر فائز ہوئے آپ کا دور امامت چونتیس برس پر محیط ہے۔

امام جعفرصادق علیہ السلام نے اسلامی تعلیمات کی ترویج کے لئے بے پناہ کوششیں انجام دیں اور مدینے میں مسجد نبوی اور کوفہ شہر میں مسجد کوفہ کو بڑے تعلیمی مرکز میں تبدیل کر دیا جہاں آپ نے ہزاروں شاگردوں کی تربیت فرمائی اورایک عظیم علمی و فکری تحریک کی بنیاد رکھی۔

حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کا زمانہ تاریخ اسلام کا حساس ترین دور کہا جاسکتاہے ۔ اس زمانے میں ایک طرف تو امویوں اور عباسیوں کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی جاری تھی اور دوسری علویوں کی بھی مسلح تحریکیں جاری تھیں۔ آپ نے ہمیشہ عوام کو حکمرانوں کی بدعنوانیوں اور غلط حرکتوں نیز غیراخلاقی و اسلامی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

آپ نے عوام کے عقائد و افکار کی اصلاح اور فکری شکوک و شبہات دور کرکے اسلام اور مسلمانوں کی فکری بنیادوں کو مستحکم کرنے کی کوشش کی اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی فقہ و دانش کو فروغ دیا اور اسلامی احکام کی تعلیمات کو دنیا میں اتنا پھیلایا کہ  جعفری مذہب کے نام سے شہرت اختیار کر لی۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے جتنی احادیث راویوں نے نقل کی ہیں اتنی کسی اورامام سے نقل نہیں کیں ۔

حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام سے کسب فیض کرنے والے شاگردوں کی تعداد ہزاروں میں ہے جن میں ہرمکتب فکرسے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔

بانی مکتب جعفریہ فرزند رسول (ص) حضرت امام جعفر صادق (ع) پچّیس شوال المکرم کو شہید ہوئے۔مقدس دفاع نیوز ایجنسی  غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام ناظرین اور سامعین کی خدمت میں با دل مغموم تسلیت و تعزیت پیش کرتا ہے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں