اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

محرم الحرام تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ

اسلامی جمہوریہ ایران میں محرم الحرام کا چاند نظرآ گیا ہے اور آج بروز منگل یکم محرم ہے جبکہ پاکستان اور ہندوستان میں محرم الحرام 1440ہجری قمری کا چاندنظر نہیں آیا اس لئے پاکستان اور ہندوستان میں 12ستمبر بروز بدھ کو اسلامی کلینڈر کی پہلی تاریخ یعنی یکم محرم ہے جبکہ یوم عاشورا جمعہ 21 ستمبر کو ہوگا۔
خبر کا کوڈ: ۲۴۴۶
تاریخ اشاعت: 12:36 - September 11, 2018

محرم الحرام تلوار پر خون کی فتح کا مہینہمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کی شہادت اسلام اور انسانیت کی بقا کیلئے تھی، آپؑ کی جدوجہد دین محمدی کو یزیدی فکر اور فرسودہ نظام سیاست سے محفوظ رکھنے کیلئے تھی۔

حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد دین اسلام کیلئے، انسانی اقدار اورعوامی حقوق کے تحفظ کیلئے تھی، نواسہ رسولؐ کی جدوجہد بلاتفریق مذہب و مسلک پوری انسانیت کیلئے تھی۔

محرم الحرام ہمیں سید الشہدا حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ انکے مشن اور جدوجہد کی طرف بھی متوجہ کرتا ہے، ظلم کے سامنے ڈٹ جانا اور ظالم و جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہنا درس کربلا ہے۔

بلاشبہ متعدد پہلوؤں کا حامل عاشورا کا عظیم سانحہ انسانیت کیلئے ایک عظیم سرمایہ ہے، کیونکہ یہ سرمایہ فرزند رسول خدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا اور اطفال حسینی کی بے مثال شہادتوں کے ذریعے حاصل ہوا ہے۔

واقعۂ کربلا کسی فرد یا گروہ کے ذاتی مفادات اور حتی قومی مفادات کیلئے بھی وقوع پذیر نہیں ہوا، بلکہ یہ واقعہ اور امام حسین علیہ السلام اور ان کے دلیر ساتھیوں کی شہادت ایک مکتب ہے کہ جس میں تمام انسانیت کیلئے توحید، امامت، امربالمعروف اور نہی عن المنکر، حقیقت طلبی، ظلم کے خلاف جنگ، انسانی کرامت و عزت اور اس جیسے دیگر دروس اور اہداف ہیں کہ جنہیں حاصل کرنا چاہئے، اگر یہ انسان ساز مکتب، نسل در نسل انسانوں میں منتقل ہوتا رہے، تو پوری انسانیت کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔

حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں نے تمام مسلمانوں کو یہ درس دیا ہے کہ سچ کے علم کو بلند رکھنا ہے اور آزمائش کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہو، ظلم اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کرنی ہے۔

محرم الحرام تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے، ایثار، تحمل اور صبر کا مہینہ ہے، ماہ مقدس میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا، علمائے کرام اور ذاکرین حضرات مجالس میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے کر دشمنان اسلام و وطن کو شکست دیں۔

ایام عزا ماہ محرم الحرام کی مناسبت سے سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین،ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں