مقدس دفاع نیوز ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پیٹرولیم ڈویژن کے معاون خصوصی ندیم بابر عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلےسال جون میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا ہوا جس کی ایف آئی اے نے تحقیقات کیں، اب ایف آئی اے کو فرانزک تحقیقات کا مینڈیٹ اور نوے دن دیے جا رہے ہیں، ایف آئی اے کی رپورٹ پرایک کمیٹی بنائی جائےگی جووزیراعظم کوسفارشات دےگی، پتہ لگایا جائے گا کیا پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی گئی ؟ اور کس نے کی؟ جو سیلز بتائی گئی وہ واقعی اتنی ہی ہوئیں یا ان میں فرق تھا، یہ کمزوریاں ہوئیں تو ثبوت کے ساتھ کورٹ کے اندر کیس کیا جا سکے اور سزا دلوائی جا سکے گی۔ اسد عمر نے بتایا کہ ندیم بابر کو عہدے سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے اور سیکریٹری پیٹرولیم کو بھی عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھیج دیا گیا، پٹرولیم منسٹری کو کہا گیا ہے کہ وہ تمام انتظامی فیصلوں پر وزیراعظم کو دوبارہ رپورٹ پیش کریں-