مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرانقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلح افواج کے اعلی کمانڈروں سے ملاقات میں فرمایا کہ دشمنوں نے ایران کے خلاف اپنی یلغار اور حملے تیز کردئے ہیں کیونکہ وہ ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور روز افزوں طاقت سے خوفزدہ ہیں۔
آپ نے مسلح افواج کے کمانڈروں کو ماہ مبارک رجب اور اس ماہ کی عیدوں کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ رجب، شعبان اور رمضان کے مہینے اپنے متبرک ایام کی وجہ سے اللہ کے نیک بندوں کے لئے عید کے ایام ہیں اس لئے ان بابرکت مہینوں سے زیادہ سے زیادہ معنوی فائدہ اٹھانا چاہئے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ضرورت کے وقت ضروری سیکورٹی، شکوہ اور طاقت و توانائی سے لیس ہونے کو مسلح افواج کا اصلی ہدف قراردیا اور فرمایا کہ مسلح افواج میں انجام دی گئیں سرگرمیاں اور اقدامات مقررہ اہداف کے حصول کے لئے ہونے چاہئیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے موجودہ دور کو اسلامی جمہوریہ ایران کی عزت وشوکت کا دور قراردیا اور فرمایا کہ دشمن آج ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت سے سخت خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ دشمنوں کی تمام تر سازشوں اور ریشہ دوانیوں کے باوجود اسلامی نظام کی قوت و طاقت میں روز بروز اضافہ ہوتا رہے گا۔
رہبرانقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے بھی گذشتہ برس ایران کی مسلح افواج کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ نئے سال میں بھی مسلح افواج اپنے مجاہدانہ کردار میں اضافہ کرنے میں پرعزم ہے۔
پیغام کا اختتام/