مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے ہندوستان کے وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان سے نئی دہلی میں ملاقات کرنے کے بعد توانائی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے روابط کے فروغ پر تاکید کی اور کہا کہ اس ملاقات میں ہندوستان کی جانب سے ایران سے تیل خریدنے اور فرزاد بی گیس فیلڈ کے پروجیکٹ میں ہندوستان کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے کا جائزہ لیا گیا۔فرزاد بی گیس فیلڈ خلیج فارس میں ایران اور قطر کی مشترکہ گیس فیلڈ ہے۔
ایران کے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ فرزاد بی گیس فیلڈ میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے رکاوٹیں دور ہو گئیں اور اس گیس فیلڈ کی توسیع کیلئے مذاکراتی عمل مثبت رہا۔بیژن نامدار زنگنہ نے ہندوستان کی جانب سے ایران کے تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے وزیر پٹرولیم نے اس سلسلے میں اپنے ملک کی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دو مہینے کے اندر ہندوستان کی جانب سے اس سلسلے میں تجاویز پیش کردی جائیں گی۔
دھرمیندر پردھان نے ہندوستان کو توانائی فراہم کرنے والے ایک اہم ملک کی حیثیت سے ایران کو ہندوستان کا تجارتی شریک قرار دیا اور توانائی کے شعبے میں دونوں ملکوں کی سرمایہ کاری اور تعاون کی توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔