مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران عراقی کی بعثی حکومت کے قبضے سے جنوبی شہر خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر قومی اسمبلی یا مجلس شورائے اسلامی کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی ترقی کے میدان میں کسی بھی طاقت کی اجازت یا مسکراہٹ کا محتاج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملت کی حامی اور ملکی سرحدوں کی نگہبان کی حثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی کے ساتھ ادا کر رہی ہیں۔
جنرل محمد باقری نے جنگوں کو قوموں کی زندگی کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کے عوام نے اپنی سرزمین کا ایک انچ حصہ بھی ہاتھ سے جانے نہیں دیا بلکہ اس جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے کہا کہ ایران کے عوام نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی کی قیادت و رہبری میں مسلط کردہ جنگ کے مرحلے کو بخوبی عبور کیا اور دشمن کو روک دیا اور جنگ میں فتح حاصل کر کے سرخرو ہوئے ہیں۔
جنرل باقری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خرمشہر کی آزادی، مسلط کردہ جنگ کا اہم سنگ میل تھا جس نے جارح دشمن کی شکست اور اسے ملکی سرحدوں سے پیچھے دھکیلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
قابل ذکر ہے کہ چوبیس مئی عراق کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے دوران خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ ہے۔ خرمشہر کو سن انیس سو بیاسی میں بیت المقدس نامی فوجی آپریشن کے دوران عراق کی بعثی حکومت کے قبضے سے آزاد کرایا گیا تھا۔
پیغام کا اختتام/