مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیردفاع جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ امریکا اس وقت علاقے میں جغرافیائی تبدیلی کے دو اہم منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا علاقے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے-
ایران کے وزیردفاع نے تہران میں جغرافیائی موضوع پر منعقدہ ایک کانفرنس میں خطاب کے دوران کہا کہ دشمن علاقے کی سرحدیں تبدیل کرنا چاہتا ہے-
انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے مد نظر نیا نظام جو علاقے کے لئے تیار کیا گیا ہے وہ امریکا کی برتری پسندی اور غنڈہ گردی پر مبنی ذہنیت کا نتیجہ ہے- ایران کے وزیردفاع نے کہا کہ آج خطے میں عوام کو جن مصائب و آلام کا سامنا ہے وہ غلط سوچ کی ہی وجہ سے ہے-
انہوں نے کہا کہ دشمن آج بھی علاقے میں سرحدوں میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں جو ان کی ایک بڑی غلطی ہے اور دشمن اب اپنے اس طرح کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے-
ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ علاقے کے بعض ممالک اس تصور میں رہ کر کہ وہ امریکا سے قریب رہ کر امریکا کے اس طرح کے منصوبے سے محفوظ رہیں گے تو یہ ان کی بھول ہے-
ان کا کہنا تھا کہ دشمن اپنی سامراجیت کو پھر سے رواج دینے کے لئے علاقے کے ملکوں کو چھوٹے چھوٹے ملکوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے منصوبے تیار کئے ہیں-
پیغام کا اختتام/