مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں رضاکار فورس بسیج سے وابستہ طلبا کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل محمد علی جعفری نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر دشمن نےایران کے خلاف فوجی جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اورحکام کی ہوشیاری کے نتیجے میں دشمن کی پروپیگنڈا مہم ناکام ہوجائے گی۔
میجر جنرل محمد علی جعفری نے واضح کیا کہ بیرونی دشمن کی دھمکیوں کو ہم زیادہ اہمیت نہیں دیتے کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران انہیں منہ توڑ جواب دینے کی طاقت رکھتا ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے ایران کے دشمنوں کی فوجی حملے کی دھمکیوں کوکھوکھلی دھمکیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر دشمنوں کی دھمکیاں اور پابندیاں بھی اپنے عروج پر پہنچ گئیں ہیں۔
میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ دشمن فوجی حملے کی دھمکیوں کو عملی جامہ نہیں پہنائے گا کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اس کی بھاری قمیت اسے چکانا پڑے گی اور اس کی سافٹ وار بھی ناکام ہوجائے گی۔ایران کے اعلی حکام نے ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کے جواب میں واضح کردیا ہے کہ امریکی حکمراں ٹولے کی دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کے جواب پر امریکہ کو پچھتانا پڑے گا۔