16 October 2024

آل ایران نماز کانفرنس کا رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام سے آغاز

آل ایران سالانہ نماز کانفرنس بدھ کے روز مشرقی ایران کے شہر سمنان میں شروع ہوگئی ہے جس میں رہبر انقلاب انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
خبر کا کوڈ: ۳۱۴۰
تاریخ اشاعت: 19:44 - December 05, 2018

آل ایران نماز کانفرنس کا رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام سے آغازمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سالانہ آل ایران نماز کانفرنس کے نام اپنے تحریری پیغام میں، جسے آیت اللہ سید محمد شاہچراغی نے پڑھ کر سنایا، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ سالانہ نماز کانفرنس کا انعقاد ایک جانب ایسے فریضے کی اہمیت کی نشانی ہے جو دیگر اعمال اور فرائض میں روح پھونک کر انہیں کار آمد بنا سکتا ہے اور دوسری جانب ان لوگوں کو نماز کی حقیقت سمجھانے میں ایک بڑی خدمت ہے جو اس ہدیہ الہی یعنی نماز کے حق کو نہیں سمجھتے اور اس کے تعلق سے سہل انگاری یا غفلت سے کام لیتے ہیں۔

آپ نے فرمایا کہ اگر نماز کو خشوع و خضوع سے ادا کیا جائے تو یہ معاشرے کو زبان و عمل کے لحاظ سے بھلائی اور صداقت کی جانب لے جاتی ہے اور اسے کمال عطا کرتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے موثر طریقے سے نماز کی ترویج کو ہر شخص کا اہم ترین فریضہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ معاشرتی برائیوں اور مشکلات کی بڑی وجہ یہ ہے کہ نماز کی حقیقت اور اہمیت کو اجاگر نہیں کیا گیا جو انسان کو جھنجھوڑکر بیدار کرتی ہے ۔آپ نے اسکولوں اور مدارس کو نماز کی ترویج کا ایک اہم ترین اور موثر ترین مرکز قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اسکولوں کو نوجوانوں کے لیے نماز کے مرکز میں تبدیل کیا جائے کیونکہ یہ معاشرتی سلامتی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔

آل ایران سالانہ نماز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ نماز ہدایت خدا اور اسکی رحمانیت کے ذکر کا وسیلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نماز دین کی پہچان اور نماز جماعت دین کا مظہر اور اسلام کی طاقت کا مظاہرہ ہے۔ صدر ایران کا کہنا تھا کہ روحانیت اور آخرت کے حصول اور مسائل و مشکلات پر قابو پانے کے لیے ہمیں نماز کے دامن میں پناہ لینا ہوگی کیونکہ نماز دین کا ستون ہے۔ اس موقع پر صدر ایران نے نماز کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دینے والے پندرہ افراد کو توصیفی اسناد بھی عطا کیں۔

قابل ذکر ہے کہ ستائیسویں آل ایران نماز کانفرنس بدھ کی صبح ایران کے شہر سمنان میں شروع ہوئی-

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں