مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر اعلی تعلیم ، کوگنیٹیو سائنس ریسرچ سینٹر کے اراکین ، سائنسدانوں ، محققین اور ممتاز اسکالروں نے بدھ کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مختلف سائنسی میدانوں ، بالخصوص علم طب، اقتصاد اور معاشرتی علوم پر کوگنیٹیو سائنس کے اثرات کا ذکر کیا ۔ آپ نے ان علوم میں زیادہ سے زیادہ پیشرفت و ترقی کے لئے بغیر کسی توقف کے رات دن کوششیں جاری رکھنے کی تاکید فرمائی ۔ آپ نے فرمایا کہ ملک کی سائنسی ترقی کی رفتار میں توقف یا سستی نہیں آنی چاہئے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ گزشتہ بیس سال میں ملک میں سائنسی ترقی و پیشرفت کی رفتار اطمینان بخش رہی ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ اس رفتارمیں سست روی نہیں آنی چاہئے بلکہ خدا پر توکل اور اس کی نصرت پر اعتماد کرتے ہوئے، خلوص نیت کے ساتھ علمی و سائنسی ترقی کی رفتار بڑھانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔
آپ نے ملک کے سائنسدانوں اور اسکالروں کی نصیحت فرمائی کہ مغرب والوں کے پروگراموں اور ان کی باتوں پر ہر گز اعتماد نہ کریں بلکہ ان کی سفارشات کو ہمیشہ شک کی نگاہ سے دیکھیں ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مغرب والوں نے جدید علوم اور سائنس میں زیادہ ترقی کی ہے لیکن اقوام کے خلاف جرائم کا ارتکاب بھی انھوں نے ہی زیادہ کیا ہے ۔
پیغام کا اختتام/