مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کو نئی دہلی میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں کہا کہ توانائی اور حمل و نقل کے میدانوں نے ایران اور ہندوستان کے اسٹریٹیجک تعاون کے لئے اہم مواقع فراہم کئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چابہار بندرگاہ افغانستان، وسطی ایشیا اور مشرقی یورپ کے ملکوں تک ہندوستان کی رسائی کے لئے ایک رابطہ پل کی حیثیت سے ایران اور ہندوستان کے تاریخی تعلقات اور علاقے کے ملکوں کے روابط کو مستحکم بنا سکتی ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے ٹرانزیٹ تعلقات چند جانبہ اور علاقائی سطح کے مواقع فراہم کریں گے اور ایران اس سلسلے میں سہ فریقی اور چند جانبہ معاہدہ کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ چابہار سے شروع ہونے والا یہ ٹرانزیٹ راستہ علاقائی تعلقات کے استحکام کے لئے ایک اسٹریٹیجک راستے میں تبدیل ہو سکے-
انہوں نے کہا کہ تہران، ہندوستان کی توانائی اور ایندھن کی ضروریات کو طویل المیعاد اسٹریٹیجک معاہدوں کے قالب میں پورا کر سکتا ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نئی دہلی میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں دہشت گردی کو دنیا کے لئے ایک سنگین مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کی جڑوں کو جو زیادہ تر انتہا پسندانہ سوچ اور نظریات کی ترویج کی پیداوار ہیں، اکھاڑ پھینکنا چاہئے اور ایران اس سلسلے میں سبھی دوست ملکوں منجملہ ہندوستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے-
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہندوستان باہمی دلچسپی کے سبھی میدانوں میں ایران کے ساتھ طویل المیعاد تعاون کے لئے تیار ہے، کہا کہ ہندوستانی کمپنیاں مشترکہ تعاون کے میدانوں منجملہ ایران کے تیل و گیس کے میدانوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہیں-
ہندوستانی وزیراعظم نے علاقائی تعاون میں فروغ کے لئے چابہار بندرگاہ کی پوزیشن اور اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چابہار بندرگاہ، علاقے اور دنیا میں تجارتی تعلقات کے میدان میں انقلاب لا سکتی ہے اور ہندوستان نے بھی اس وقت اس بندرگاہ کے راستے اپنی اشیا منجملہ گندم افغانستان برآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان اپنے دوطرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے میں پرعزم ہیں۔
بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور ہندوستان باہمی تعاون کو فروغ دینے میں پرعزم ہیں-
انہوں نے ایران کے اعلی سطحی وفد کا ہندوستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال کئے جانے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گذشتہ برس ہندوستان کے وزیراعظم کا دورہ ایران دوطرفہ تعلقات کی توسیع میں ایک اہم قدم تھا-
انہوں نے ہندوستان کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی، سیاسی اور اعلی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی توسیع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی حکومت کے ساتھ چابہار زاہدان ریلوے لائن اور ریلوے کی صنعت سے متعلق دیگر معاملات میں اچھا اتفاق رائے ہوا ہے-
پیغام کا اختتام/