مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، باکو میں ہونے والے چار فریقی اجلاس میں ایران، ترکی، جارجیا اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔
چار فریقی اجلاس کے اختتام پر تعاون کی دستاویز اور مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں ممالک مشترکہ تاریخ و ثقافت کے مالک اور باہمی تعاون اور عوامی رابطوں کے فروغ میں پرعزم ہیں تاکہ علاقے میں امن و استحکام کو مضبوط اور پائیدار بنایا جا سکے۔
چاروں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے باہمی احترام، اعتماد اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں پر تاکید کی۔
تعاون کی اس دستاویز میں توانائی، نقل و حمل، بینکاری، کمیونیکیشن، صنعت، زراعت اور ماحولیات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی تیاری پر زور دیا گیا ہے۔
ایران، آذربائیجان، ترکی اور جارجیا کے وزرائے خارجہ نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ چاروں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کی پوری گنجائش سے فائدہ اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
چاروں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں دہشت گردی، تشدد و انتہا پسندی، علیحدگی پسندی، منظم جرائم، اسلحے، منشیات اور انسانی اسمگلنگ نیز سائبر کرائم کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
پیغام کا اختتام/