مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج صبح برازیل پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو میں شام میں کیمیائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں ایران کا موقف واضح اور شفاف ہے اور ایران ہر قسم کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا مخالف ہے اور اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود شام میں امریکہ کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کی پوزیشن خراب ہے اورانھیں ہر روز شکست ہوتی ہے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ ان کے پاس ایسی موثق اطلاعات ہیں کہ امریکہ داعش کے دہشتگردوں کو دوسرے علاقوں میں منتقل کر رہا ہے تاکہ شام میں دہشتگردوں کے لئے جتنی سرمایہ کاری کی ہے دوسرے علاقوں میں اس سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی یہ پالیسی اور اس کے نتائج علاقائی اورعالمی امن و صلح اور خود امریکہ کے لئے بھی خطرناک ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے سینگال کے دورے کو کامیاب قرار دیا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی وفد کے ھمراہ آج صبح برازیل کے دورے پر پہنچ گئے جس کا مقصد ایران کی معاشی سفارتکاری کو فروغ دینا ہے. اس سے قبل انہوں نے سینگال کا دورہ کیا تھا اور گزشتہ رات ایران اور برازیل کی مشترکہ اقتصادی کانفرنس میں شرکت کے لیے ڈاکار سے برازیل روانہ ہوئے.
محمد جواد ظریف اس دورے میں اپنے برازیلی ہم منصب،برازیل کے صدر اور اعلی حکام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کی قیادت میں اتوار کے روز افریقہ اور جنوبی امریکہ کے کچھ ممالک کے دورے پر روانہ ہوئےتھے.
پیغام کا اختتام/