16 October 2024

سعودی حکومت ایک بے عقل اور بے دین ولیعہد کے ہاتھ میں ہے

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل عالم اسلام کو اس کے دینی اعتقادات سے تہی دست اور بیگانہ کردینا چاہتے ہیں اور آج اسلام سے سعودی عرب کی خیانت اور غداری سب پر واضح ہوچکی ہے۔
خبر کا کوڈ: ۱۱۷۶
تاریخ اشاعت: 22:27 - April 13, 2018

سعودی حکومت ایک بے عقل اور بے دین ولیعہد کے ہاتھ میں ہےمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے اس ہفتے نماز کے خطبے میں عید مبعث کی آمد کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم اور سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی روئے زمین پر خداوندعالم کی تجلی ہے کہ جن کی تعلیمات انسان کو نجات دلا کر انہیں منزل کمال پر پہنچاتی ہے۔ ان کا کہنا  تھا کہ تمام تر سست رفتاری اور مشکلات کے باوجود انسانی تکامل کا عمل آ گے بڑھ رہا ہے اور یہ سلسلہ حضرت مہدی عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور تک جاری رہے گا۔

تہران کےخطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے انیس اناسی میں امام خمینی کی قیادت میں ایرانی عوام کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کو انسانی کمال کا ایک جلوہ قراردیا اور کہا کہ جس طرح رسول اسلام کے زمانے میں دشمن ان کے مقابلے میں کھڑے ہوگئے تھے آج اسلامی انقلاب کے مقابلے میں بھی کچھ لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اس کی مخالفت کررہے ہیں۔ 

آیت اللہ امامی کاشانی نے تاریخ میں دین اسلام سے کی گئی عداوتوں اور دشمنیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین سو برسوں سے برطانیہ نے اسلامی معاشرے کو گمراہ کرنے کی کوشش شروع  کر رکھی ہے اور اس نے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کے لئے دس ایجنٹوں کو اسلامی ملکوں میں بھیجا تھا اور اسّی سال قبل وہابیت سعودی عرب میں معرض وجود میں آئی اور پھر اسلام کے لئے اس کی خیانت اور غداری سب پر واضح ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکا، آل سعود اور تل ابیب کا منحوس تکون دنیا والوں سے بے شمار دشمنی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منحوس مثلث  شام، لبنان، عراق، یمن، افریقا اور دنیا کے دیگر ملکوں میں جس طرح کے جرائم کا ارتکاب کر رہاہے  وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نےامام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کی شان میں  سعودی عرب کے بے عقل ولیعہد کے ذریعے  کی گئی گستاخیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سعودی ولیعہد کے بیانات پر تعجب نہیں ہے بلکہ تعجب سعودی علما پر ہے جو یہ جانتے ہوئے کہ ایک مصلح کی آمد کے مسئلے کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے پھر اپنے نوجوانوں کو یہ نہیں بتاتے کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے  اور اس کو سبھی ادیان قبول کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ سب جانتے ہیں کہ ایک دن امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف ظہور فرمائیں گے اور سبھی ظالموں سے حساب لیں گے۔

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ امریکی طاقت، صیہونی سیاست اور سعودی پیسہ اور نظریہ، سب مل کر عالم اسلام کو اس کے حقیقی اعتقادات اور نظریات سے تہی دست اور بیگانہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا واشنگٹن، تل ابیب اور ریاض مسلمانوں کے درمیان اختلاف و تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ اس منحوس مثلث کے مقابلے میں عالم اسلام کو متحد کرنے کی کوشش کریں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ امریکا صیہونی حکومت اور سعودی عرب مکتب شہادت کو مٹادینا چاہتے ہیں لیکن دشمنوں کی سازشوں کے برخلاف شہادت کی ثقافت اور نظریہ روز بروز پروان چڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے امت اسلامیہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ سامراجی طاقتوں کی کوشش یہی ہے کہ جیسے بھی ہو قرآن اور  پیغمبراسلام کی تعلیمات کو نابود کردیا جائے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے بن سلمان کے ایران مخالف بیان کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ اس وقت آل سعود کی حکومت ایک بے عقل اور بے دین ولیعہد کے ہاتھ میں ہے جو صیہونی حکومت کے ساتھ  گٹھ جوڑ کرکے اس غاصب حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو برملا کررہا ہے۔

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں