مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے تعز میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار بیس مسافر شہید ہو گئے۔
حملہ اتنا شدید تھا کہ بیشتر مسافروں کے جسم کے ٹکڑے دور دور جاکر گرے جس کی وجہ سے صرف چھے افراد کی شناخت ہو سکی۔ ادھر یمن کے صوبوں الحدیدہ اورالصعدہ میں بھی سعودی جنگی طیاروں نے رہائشی والے علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم دس یمنی شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی ایما پر پچھلے چاربرس سے یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی جارحیت کے جواب میں المخا میں سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کے ٹھکانے پر حملہ کرکے دسیوں غاصب فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے المخا میں سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کی چار گاڑیوں کو تباہ کردیا۔
پیغام کا اختتام/