مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منجئی عالم بشریت حضرت امام مہدی موعود عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی شب ولادت باسعادت اور شب برات کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و نور و سرور ہے-
مشہد مقدس، قم المقدسہ، تہران اور ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے ہمارے نمائندوں نے خبر دی ہے کہ پورا ملک اسلامی جوہریہ ایران جشن میں ڈوبا ہوا ہے اور ہر طرف محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے- منتظران ظہور امام مہدی علیہ السلام نے جنھوں نے ماہ شعبان کے آغاز سے ہی مذہبی مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور نجی اور سرکاری عمارتوں کو نہایت شاندار طریقے سے سجا رکھا تھا حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت باسعادت کی آمد کی مناسبت سے ان سجاوٹوں میں مزید چار چاند لگا دیا ہے اور ہر طرف چراغانی کر کے وہ اپنے امام (ع) کے ظہور کے منتظر ہیں-
اس پر مسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جگہ جگہ شربت، چائے، میٹھائیوں اور نذر و نیاز کی اسٹالیں لگائی گئی ہیں- حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے جشن ولادت میں شرکت کرنے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں زائرین مشہد مقدس پہنچے ہوئے ہیں جہاں وہ آٹھویں امام (ع) کو بارہویں امام (ع) کی آمد کی مبارکباد پیش کر رہے ہیں-
مشہد مقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں شاندار محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں علما اور ذاکرین کرام فلسفہ غیبت اور فضیلت انتظار پر روشنی ڈال رہے ہیں جبکہ شعرائے کرام حضرت امام عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں-
قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں بھی عاشقان اہلبیت اطہار علیہم السلام اور منتظران حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی بہت بڑی تعداد پندرہ شعبان کے جشن میں شریک ہے-
قم میں ہی واقع مسجد جمکران میں حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے شیدائیوں کا جم غفیر ہے جو مخصوص اعمال بجا لاکر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کی دعا کر رہا ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاکھوں عاشقان حضرت مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف مسجد جمکران میں اعمال شب پندرہ شعبان انجام دے رہے ہیں اور حضرت امام زمانہ کے ظہور میں تعجیل کی دعا کر رہے ہیں-
دوسری طرف قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم سے مسجد جمکران تک کا راستہ جو چار کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے دسیوں ہزار عاشقان امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف نے پیدل چل کر طے کیا اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے-
حرم معصومہ سلام اللہ علیھا سے مسجد جمکران تک کے راستے کو پیدل طے کرنے والے منتظران مہدی موعود کے لئے خاص اہتمام بھی کیا گیا ہے-
پاکستان اور ہندوستان میں بھی حضرت امام مہدی علیہ السلام کا جشن ولادت بہت ہی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے-
پاکستان اور ہندوستان میں حضرت امام عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے جشن ولادت باسعادت کی مناسبت سے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محفلوں کا سلسلہ جاری ہے- کربلائے معلی میں عراق اور دنیا کے مختلف دیگر ملکوں سے پہنچنے والے لاکھوں زائرین امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں-
عاشقان رسولۖ و آل رسولۖ، امام عالیمقام اور حضرت ابوالفضل العباس علیھماالسلام کے حرم مطہر میں جاری محفلوں میں شریک ہیں-
اس موقع پر کربلائے معلی میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں- نجف اشرف، کاظمین شریفین اور خاص طور پر سامرا میں جہاں حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف اس دنیا میں تشریف لائے تھے، جشن کا ایک خاص سماں ہے اور سامرا کا روضہ اقدس اس وقت مرجع خلائق بنا ہوا ہے۔
پیغام کا اختتام/