مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائـب صدر اسحاق جہانگیری نے اصفہان میں اسٹیل کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ کا ایک بڑا مقصد ایران کے اقتصاد و معیشت کو نقصان پہنچانا ہے - انہوں نے کہا کہ اس اسٹریٹیجی کے تحت امریکہ نے اسرائیل اور سعودی عرب کے ساتھ ہم آہنگی کی ہے تاکہ مختلف طریقوں سے ایران پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
ایران کے نائب صدر نے کہا کہ امریکہ نے چین کے ساتھ بھی تجارتی جنگ شروع کر رکھی ہے اور وہ کئی بین الاقوامی معاہدوں سے نکل گیا ہے اور اس وقت وہ اپنی ایک خاص پالیسی کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ ایران کی آمدنی کے اہم ترین ذریعے کی حیثیت سے تیل کی برآمدات کو نومبر تک زیرو پر پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، کہا کہ اس کا یہ دعوی بالکل مضحکہ خیز ہے اس لئے کہ اس کا یہ دعوی، اسی صورت میں پورا ہو سکتا ہے کہ تمام ممالک امریکہ کے سامنے سرتسلیم خم کردیں اور وہ خود کو واشنگٹن کے سامنے کچھ نہ سمجھیں۔