مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ماسکو کے شمال مغربی علاقے نوو آگاریووا میں روسی صدر پوتن سے ملاقات کی اور انہیں رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا زبانی پیغام پہنچایا جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا تحریری پیغام بھی انہیں پیش کیا۔ بین الاقوامی امورمیں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر بدھ کو ایک اعلی سطی وفد کے ہمراہ ماسکو پہنچے تھے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ماسکو پہنچنے پر ایک بیان میں ایران اور روس کے اسٹریٹیجک اور غیرمعمولی اہمیت کے حامل تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے دو طرفہ، علاقائی و عالمی تعلقات کافی فروغ پائے ہیں۔ انھوں نے شام میں دہشت گردی اور اس کے حامیوں کے مقابلے میں ایران و روس کی سربراہی میں مزاحمتی محاذ کے تعاون کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسٹریٹیجک اور طویل مدت تعلقات ہی اس قسم کے تعاون کے مصداق ہیں۔
ڈاکٹر ولایتی، دنیا کے موجودہ حساس حالات میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے نام رہبر انقلاب اسلامی اور صدر مملکت کے پیغامات ساتھ لے کر گئے ہیں۔ وہ اپنے اس دورے میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے علاوہ اس ملک کے دوسرے اعلی عہدیداروں سے بھی الگ الگ ملاقات کریں گے۔
پیغام کا اختتام/