مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، پولنگ کا عمل جو اب سے تھوڑی دیر قبل یعنی 8 بجے صبح شروع ہوا بغیر کسی وقفے کے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 272 میں سے 270 جب کہ چاروں صوبوں کی مجموعی طور پر 577 میں سے 570 نشستوں پر آج رائے شماری ہورہی ہے۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلزپارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں اس موقع پر سکیورٹی کس سخت انتظامات کئے گئے ہیں اورفوجی اورپولیس اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کی گنتی مکمل ہونے تک موجود رہیں گے۔
پاکستان میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جب کہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جن میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار263 اورخواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار146 ہے۔
انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے لئے سبزجب کہ صوبائی اسمبلی کے لئے سفید بیلٹ پیپراستعمال ہوگا، ملکی تاریخ میں پہلی بار بیلٹ پیپرز میں سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
پیغام کا اختتام/