اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

پاکستان: دہشت گردی اور پرتشدد واقعات کے دوران پولنگ کا عمل جاری

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے اس دوران دہشت گردی اور پرتشدد واقعات میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے- پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام چھے بجے تک جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ: ۱۹۷۱
تاریخ اشاعت: 18:50 - July 25, 2018

پاکستان: دہشت گردی اور پرتشدد واقعات کے دوران پولنگ کا عمل جاریمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے عام انتخابات دو ہزار اٹھارہ کے لئے پورے ملک میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جس کے دوران عوام اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے اپنے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے-

پاکستان کی قومی اسمبلی کی دو سو بہتر میں سے دوسو ستر نشستوں پر پولنگ کا عمل شام چھے بجے تک بلاوقفہ جاری رہے گا جبکہ اسی دوران چاروں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لئے بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں-

مجموعی طور پر پاکستان میں دس کروڑ انسٹھ لاکھ سے زائد افراد حق رائے دہی رکھتے ہیں جن میں مرد ووٹروں کی تعداد پانچ کروڑ بانوے لاکھ اور خواتین ووٹر کی تعداد چار کروڑ اکتیس لاکھ سے زیادہ ہے-

قومی اسمبلی کے لئے پنجاب میں ایک سو اکتالیس، سندھ میں اکسٹھ، خیبرپختونخوا کی انتالیس، بلوچستان کی سولہ، فاٹا کی گیارہ اور اسلام آباد کی تین نشستوں پرامیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے-

پاکستان کی قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لئے بارہ ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں- قومی اسمبلی کے لئے تین ہزار چھے سو پچہتر امیدوار اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لئے آٹھ ہزار آٹھ سو پچانوے امیدوار مدمقابل ہیں-

اس درمیان پولنگ کے دوران دہشت گردی اور پرتشدد واقعات میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر پولیس ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کے قافلے کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت اکتیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں- البتہ ڈی آئی جی پولیس محفوظ رہے-

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس تعمیر نو کمپلیکس کے قریب ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے تھے کہ اسی دوران سیاسی جماعتوں کے لگائے گئے کیمپوں میں ووٹرز میں شامل مشکوک موٹر سائیکل سوار کو سیکورٹی اہلکاروں نے تلاشی کی غرض سے روکا تو خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا-

دھماکے میں سیکورٹی اہلکاروں اور بچوں سمیت اکتیس افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب پولنگ کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے- خیبرپختونخوا کے علاقے صوابی میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے پولنگ اسٹیشن پر اے این پی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے- دونوں پارٹیوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی جس کے بعد فائرنگ شروع ہو گئی، فائرنگ میں پی ٹی آئی کا کارکن ہلاک ہو گیا-

ادھر صوبہ پنجاب کے علاقے راجن پور میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا اور دونوں طرف سے ایک دوسرے کے خلاف ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا- پنجاب کے ہی خانیوال کے حلقہ این اے ایک سو ترپن کے پولنگ اسٹیشن میں پاکستان مسلم لیگ نون کے دو گروہوں کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک ہو گیا-

سانگھڑ، پشاور اور بلوچستان کے نصیرآباد علاقے کے پولنگ مراکز پر فائرنگ اور تصادم کے واقعات پیش آئے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں لاڑکانہ میں پولنگ اسٹیشن پر کریکر سے حملہ ہوا جس میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں- کریکر سے حملہ پیپلز پارٹی کے کیمپ پر کیا گیا-

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں