مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بعض امریکی حکام کی بے بنیاد اور گھسی پٹی دھمکیاں جواب دینے کے بھی قابل نہیں ہیں، کہا کہ ایرانی عوام کی استقامت، اتحاد اور امریکی دھمکیوں اور منصوبوں کی ایرانی عوام کی جانب سے پرواہ نہ کیا جانا نیز دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی کوشش اور پختہ عزم، امریکی حکام کے گھٹیا اور پست بیانات کا بھرپور جواب ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران بین الاقوامی عدالت میں امریکا کے خلاف ایران کی شکایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک امریکی اقدامات کو غلط اور قابل مذمت سمجھتے ہیں یا کم سے کم امریکی اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف، دنیا کا سب سے بڑا عدالتی اور قانونی ادارہ ہے کہا کہ امریکی حکومت کو عالمی عدالت انصاف کے انتباہ کے بعد اس سلسلے میں اپنے اقدامات اور منصوبوں کا خیال رکھنا ہو گا-
واضح رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے منگل کی شام امریکی وزیرخارجہ مائیک پمپیئو کے نام اپنے ایک سرکاری خط میں امریکا کے خلاف ایران کی شکایت کی سماعت کے لئے تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے واشنگٹن کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران پر ہرطرح کی یکطرفہ پابندیاں دوبارہ عائد کرنے سے باز رہے-