اپ ڈیٹ: 09 January 2023 - 07:55

پاک و ھند کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز

ہندوستانی وزیراعظم نے عمران خان کو فون کرکے پاک وھند کے نئے تعلقات پر تاکید کی۔
خبر کا کوڈ: ۲۰۵۴
تاریخ اشاعت: 17:47 - July 31, 2018

پاک و ھند کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغازمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران کو ٹیلی فون کرکے انہیں عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

ہندوستانی وزیراعظم نے عمران خان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، معاملات آگے بڑھنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

نریندر مودی کی جانب سے مبارک باد پر چیئرمین تحریک انصاف نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدابیر کی جانی چاہئیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگیں اور خونریزی سے تناعات کے حل کے بجائے المیے جنم لیتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کیلئے حکومتوں کو مشترکہ تدابیراختیارکرنا ہوں گی۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور چین کی حکومت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔

چینی سفیر یاؤجنگ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان کی جانب سے کی گئی تقریر کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں کامیاب الیکشن کے ذریعے جمہوری عمل مکمل ہوا، اب نئی حکومت کے ساتھ چین مل کر کام کرے گا۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی دنیا کے لئے ایک مثال ہے، حکومت میں آکر چین کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے اور خطے کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں بڑھائیں گے۔

ادھر ایرانی حکومت نے بھی عمران خان کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے عمران خان کو خط کے ذریعے کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ  پاکستانی عوام نے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط کیں، عمران خان کی جیت سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ایران پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔

پیغام کا اختتام/
آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں