مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر علی لاریجانی نے اسد قیصرکے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں انہیں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ایران اور پاکستان کے مابین زراعت اور معاشی شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہو گا۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے برادر اسلامی ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کی پیشرفت بالخصوص پارلیمانی تعاون میں فروغ پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر نئے پاکستانی اسپیکر اسد قیصرنے ایرانی ہم منصب کے رابطے کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ثقافتی، تاریخی اور مذہبی مشترکات ہیں جس کی بدولت دوطرفہ تعلقات بالخصوص پارلیمانی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
اسد قیصر نے اسلامی ممالک کے درمیان اجتماعی تعاون کوبہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان، عالم اسلام کی وحدت اور علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانے سے متعلق تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔