16 October 2024

امریکی ڈومور کے مطالبے کو پاکستان نے کیا ماننے سے انکار

پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ڈومور کا مطالبہ نہیں کیا تاہم امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: ۲۴۰۱
تاریخ اشاعت: 18:29 - September 06, 2018

امریکی ڈومور کے مطالبے کو پاکستان نے کیا ماننے سے انکارمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، امریکی وفد سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پاکستان نے حقیقت پسندانہ موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کا نقطہ نظر خودداری اور بردباری سے پیش کیا جبکہ پاکستان امریکا سے باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی پائیدار تعلقات چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی اور امریکا کی جانب سے کوئی ڈومور کا مطالبہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 300 ملین ڈالر روکنے کی خبر نئی نہیں تھی اور امریکا سے تعلق صرف لینے دینے کا نہیں جبکہ امریکا سے پیسوں کی نہیں اصولوں کی بات کی، آج کی ملاقات سے دوطرفہ تعلقات میں تعطل ٹوٹ گیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور واشنگٹن میں ہوگا لیکن امریکا کو کہا کہ بلیم گیم سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، امریکا سے کئی معاملات پر سوچ مختلف ہوگی مگر بعض مشترکہ مقاصد ہیں تاہم پاکستان کا مفاد سب کوعزیز اور مقدم ہے اور پاکستان کی قربانیوں سے کوئی غافل نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنی پالیسی کا از سر نو جائزہ لیا ہے، امریکا چاہتا ہے پاکستان، افغانستان سے متعلق بات چیت آگے بڑھانے میں مدد کرے جبکہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گا لیکن افغانستان کا حل فوجی نہیں بلکہ سیاسی مذاکرات میں ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ آج عندیہ ملا ہے کہ امریکا، افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے، جبکہ افغان امن میں پاکستان کی دلچسپی ہے کیوںکہ خطے کی ترقی اور خوشحالی افغان امن سے جڑی ہوئی ہے اور جب افغانستان کے ساتھ مل کرکام کیا ہے تو دونوں ممالک کو فائدہ ہوا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف دیرپا اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کے دوران ملاقاتوں کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کو خطے کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے خلاف دیرپا اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ کل امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو مختصر دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وفد کے ہمراہ اس ملک کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے امداد کی بحالی کے لیے ایک مرتبہ پھر ڈومور کا مطالبہ کیا تاہم پاکستان نے دوٹوک انداز میں امریکا کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کردیا کہ اب امریکہ کی ہر بات تسلیم نہیں کی جاسکتی۔ پاکستان نے مائک پومپیو پر زور دیا کہ پاک - امریکا تعلقات میں مشترکہ مفادات کو مد نظر رکھا جائے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں