مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تاسوعا اور عاشورائے حسینی کی آمد کے موقع پر پوری دنیا کی فضا حسینی عزاداروں اور غمگساروں کی یاحسین اور یاعباس کے فلک شگاف نعروں اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کی آوازوں سے گونج رہی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں حسینیہ امام خمینی (رہ) میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شرکت سے نواسہ رسولۖ سید الشہداء حضرت امام حسین (ع) کی یاد میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔
اس مجلس عزا میں عوام کے مختلف طبقات کے علاوہ بعض اعلی سول اور فوجی حکام بھی شریک ہوتے ہیں۔
ایران کے مختلف دیگر شہروں میں بھی شہدائے کربلا کے غم میں عزاداری و سینہ زنی اپنے عروج پر جا پہنچی ہے اور ہر طرف جلوس عزا برآمد کئے جا رہے ہیں۔
اسی مناسبت سے ایران کے مقدس شہروں کے ساتھ ساتھ زنجان اور یزد میں وہاں کے خصوصی انداز میں عزاداری کی رسومات ادا کی جا رہی ہیں جس کی بنا غم و حزن وملول کا ایک عجب منظر بنا ہوا ہے۔
عراق کے مختلف شہروں میں بھی غم شہدائے کربلا منائے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور کربلائے معلی میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حسینی سوگواروں کا مجمع تیزی کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں بھی منگل کو آٹھ محرم کی مناسبت سے علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے علم مبارک کے ساتھ جلوس نکالے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور بڑی تعداد میں ماتی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ زنی کر رہی ہیں۔
دنیا کے مختلف دیگر ملکوں میں بھی نواسہ رسولۖ اور آپ کے اصحاب باوفا کا غم نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اورلوگ وسیع پیمانے پر مجالس غم اور جلوس ہائے عزا میں شریک ہو رہے ہیں۔
عزا خانے اور امام بارگاہیں سیاہ پوش ہیں اور حسینی عزادار کالے کپڑوں میں ملبوس یاحسین یا عباس، ہائے سکینہ ہائے پیاس کی صدائیں بلند کر رہے ہیں۔
تمام غمگسار گریا کناں ہیں اور حسینی متوالے آنسو بہا کر اور سینہ زنی کے ساتھ شہدائے کربلا کی یاد مناتے ہوئے باچشم نم خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔