مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے دہشتگردوں کے خلاف میزائلی حملوں کا پاکستان اور ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ایکسپریس لکھتا ہے۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اہواز میں فوجی پریڈ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے شام میں موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایران کی فوج پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ شام میں اُن دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹر پر میزائل داغے ہیں جو گزشتہ ماہ ایرانی شہر اہواز میں فوجی پریڈ پر حملے میں ملوث تھے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے شام کے دریائے فرات کے مشرق میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے جس سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوگئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنی ویب سائٹ ‘سپاہ نیوز’ میں حملے سے متعلق تصاویر بھی شائع کی ہیں ۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ خاص طور سے یو این آئی نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے پیر کے دن دعوی کیا کہ اس نے مشرقی شام میں ان انتہاپسندوں کو نشانہ بنا کر بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے جو اس کے فوجی پریڈ پر حملے کے ذمہ دار تھے۔ حملے میں کچھ انتہاپسندمارے گئے اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بتایا کہ اہواز میں فوجی پریڈ پر ہوئے حملے کے ذمہ دار انتہاپسندوں کو نشانہ بناکر بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 22 ستمبر کو ایران میں فوجی پریڈ کے دوران فوجی لباس میں ملبوس مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 25 افراد کو شہید اور 69 کو زخمی کردیا تھا۔ دہشتگرد گروہ الاہواز اور داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
پیغام کا اختتام/