مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے گزشتہ روز امن اور عالمی سلامتی سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں یکطرفہ امریکی پالیسی اور اقدامات کو دنیا میں قانون کی بالادستی اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی من پسند اور جارحانہ پالیسیوں نے دنیا میں قانون اور اجتماعی تعاون کی پالیسی کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے انسانی حقوق کونسل ، یونسکو ، پیرس معاہدے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنےکی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے یک طرفہ طور پر مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہوکر سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کی خلاف ورزی کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے اپنی 12 رپورٹوں میں ایٹمی معاہدے پر ایران کے عمل پیرا رہنے کی تائید کرتے ہوئے ایران کے ایٹمی پروگرام کو پرامن قراردیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا امریکہ کو اپنی یکطرفہ پالیسی کو مزید فروغ دینے کی اجازت نہ دے اور اس سلسلے میں دنیا کے ممالک صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ عملی طور پر امریکی پابندیوں کو مسترد کریں.
پیغام کا اختتام/