مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست فلوریڈا کے علاقے پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جس میں دسیوں افراد کی ہلاکتوں کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس وہاں سے سترہ افراد کی لاشیں نکال چکی تھی اسی طرح زخمیوں کی تعداد بھی زیادہ بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق انیّس سالہ سابق طالب علم نکولس کروز اسکول کے اندر گھسا، الارم بجایا اور بھگدڑ مچنے پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں سترہ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ بعد از آں آپریشن کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس اور امدادی اداروں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ امریکی پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران فائرنگ کے تقریبا سترہ فیصد واقعات اسکولوں میں پیش آئے ہیں۔
دوسری جانب ریاست فلوریڈا کے سینیٹر بل نیلسن نے کہا ہے کہ ضروری قانون کا فقدان امریکہ میں اس قسم کے واقعات کا باعث بنا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ میں اسلحے کی فروخت اور مختلف قسم کے ہتھیار رکھنے پر کوئی کنٹرول نہیں ہے جس کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔
پیغام کا اختتام/