مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی آمد کی مناسبت سے ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن انقلاب کی ملک گیر ریلیوں میں وسیع پیمانے پر اور پرشکوہ انداز میں شرکت کریں-
انہوں نے کہا کہ اس انقلاب کے اصل مالک اور وارث عوام ہیں- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی قوم کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران اسلامی انقلاب کے دشمنوں یعنی امریکیوں اور صیہونیوں نے ایرانی عوام کو ان کے مستقبل کے تئیں مایوس کرنے کی ناکام کوشش کی-
انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں بھرپور طریقے سے شرکت کر کے دنیا پر ثابت کر دیں گے وہ اپنے مستقبل کے بارے میں پوری طرح پرامید ہیں اور انہیں کسی طرح کی مایوسی اور ناامیدی نہیں ہے-
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران، دہشت گردی کا نشانہ بنتا رہا ہے لیکن ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ڈٹا رہا، کہا کہ آج علاقے میں امن و استحکام کی برقراری، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علاقے کی اقوام کے لئے ایران کی مکمل حمایت کا نتیجہ ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا کی مداخلتیں صرف مغربی ایشیا کے علاقے تک محدود نہیں ہیں، کہا کہ امریکی حکام لاطینی امریکا کے ملکوں اور وینزوئیلا میں بھی مداخلت کر رہے ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ البتہ امریکی حکام نے جو روش اپنا رکھی ہے وہ نہ تو امریکا کے حق میں ہے اور نہ امریکی عوام کے مفاد میں ہے-
پیغام کا اختتام/