مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ وحدت ایک عمل ہے، جو دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے ہے، برطانیہ نے مسلمانوں کے اتحاد کو توڑ کر پورے برصغیر پر قبضہ کیا، مسلمانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے بعد مسلمانوں کے دل میں اسرائیل کی ریاست بنائی۔ امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور انکے اتحادی ہمارے دشمن ہیں، یہی ہیں جو داعش جیسی قوت کو بنا کر ہم پر مسلط کرتے ہیں، اگر مسلمان ممالک اکٹھے ہوں تو ڈونلڈ ٹرمپ کی مجال نہیں کہ وہ کسی مسلم لیڈر کی توہین کرسکے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) فرماتے تھے کہ جو شیعہ سنی کے درمیان تفرقے کی بات کرے، وہ ہم میں سے نہیں، پاکستان میں دشمن نے بہت سرمایہ کاری کی ہے اور اس طریقے سے مسلمانان پاکستان کے آپس کے اتحاد کو ختم کرنے کی منظم کوشش کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 کروڑ کے ایٹمی ملک کو عالمی طاقتوں نے کمزور کر دیا ہے، ہم کو قومی، لسانی، فرقہ پرستی سمیت کئی مسائل میں الجھا دیا گیا ہے، آج ہمارے ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، ظالم اور بے حس حکمران ہم پر مسلط کر دیئے گئے ہیں، کراچی میں صدراتی کیمپ آفس کے باہر ہماری مائیں بہنیں 8 روز سے سراپا احتجاج ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ اگر ہمارا بچہ مرگیا ہے تو اس کی لاش دے دو، اگر زندہ ہیں تو انہیں کورٹ میں پیش کر دو۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے، اسے عدالت میں پیش کرنا چاہیئے، مسنگ پرسنز کا مسئلہ پہلے بھی ایوان میں اٹھایا پھراٹھائیں گے، ہمیں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکہجتی کے لئے اقدامات کرنے چاہیئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر معراج الہدیٰ نے کہا کہ داعش بنانے کا انکشاف دنیا کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکر خمینی نہ اسرائیل کو زندہ رہنے دے گی اور نہ اس کے ناجائز باپ امریکہ کو۔
پیغام کا اختتام/