مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ ایرانی کشتی پر حملے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں ، حملے میں ملوث عناصر کو بھر پور جواب دیا جائےگا۔
خطیب زادہ نے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے منعقد ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کمیشن منعقد کرنے کے سلسلے میں ابھی وقت مشخص نہیں ہوا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسرائیل، سعودی عرب اور امارات کی طرف سے آبنائے ہرمز کی اہمیت کو کم کرنے کے سلسلے میں اسرائیلی منصوبہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی موجودگی کو جائز قراردینے کے سلسلے میں ہر فرصت سے استفادہ کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن علاقائی حکومتوں نے واضح کردیا ہے کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا پہلا مسئلہ ہے۔
خطیب زادہ نے کہا کہ ایران کی علاقہ میں جاری حالات پر قریبی نظر ہے اور اگر ضرورت ہوئی تو اس صورت میں بر وقت اور لازمی اقدامات کئے جائیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے افغانستان کے امور میں پاکستانی وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے کے دورہ تہران کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلہ کے بارے میں تمام ممالک کے ساتھ ہماری گفتگو کا سلسلہ جاری ہے اور ان ملاقاتوں میں افغانستان میں حکومت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔