مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے یوم افواج کی مناسبت سے ڈرون طیاروں، میزائلوں اور جدید ترین فوجی سازو سامان کے ہمراہ شاندار فوجی پریڈ کا مظاہرہ کیا۔
ایرانی فوج نے قوم پر قربان ہونے کے عنوان سے فوجی پریڈ میں حصہ لیا اور اس موقع پر ملکی سطح پر تیار کئے گئے جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔ ایران کی بری ، بحری اور فضائی افواج نے پریڈ میں حصہ لیا اور تینوں مسلح افواج نے اپنے جدید ترین ڈرون طیاروں، میزائلوں، ٹینکوں ، فوجی گاڑیوں، ہیلی کاپٹروں ، جنگی جہازوں ، فوجی گاڑیوں ، تیز رفتار بحری کشتیوں کی نمائش کی اور ملک اور قوم کے دفاع کے سلسلے میں اپنے آہنی اور پختہ عزم کا اعلان کیا۔ فوجی پریڈ میں ہنگامی بنیادوں پر فوجی اسپتالوں ، صحرائی اسپتالوں اور دیگر طبی وسائل کی بھی نمائش کی گئي۔ یوم مسلح افواج کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کو بھی پیش کیا گيا جس میں رہبر معظم انقلاب اسلامی نے میدان عمل میں فوج کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی فوج کی روزبروز ترقی ، پیشرفت اور نقش آفرینی پر خاص توجہ مبجذول کرنی چاہیے۔