مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نےعید سعید بعثت کی مناسبت سے ٹی وی چینلوں کے ذریعہ عوام سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے ایرانی عوام اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔
قائد معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے امریکہ کو دنیا میں بحران اور کشیدگی پیدا کرنے کا اصلی ذمہ دار قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکہ دنیا میں بحران پیدا کرکے اپنی معاشی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکی حکومت ماڈرن جاہلیت کا کامل نمونہ ہے۔ یوکرائن کے موجودہ بحران کا اصلی ذمہ دار امریکہ ہے۔ امریکہ کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں یوکرائن آج تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ہم یوکرائن میں جنگ بند کرنے کے خواہاں ہیں۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ اور مغربی ممالک کی دوگانہ پالیسیوں کی وجہ سے یوکرائن کو آج تباہی کا سامنا ہے۔ یوکرائن کے واقعہ میں بیشمار عبرتیں موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ ناقابل اعتماد ملک ہے ۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کی ماڈرن جاہلیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ دنیا میں بحران پیدا کرکے اپنی معاشی مشکلات کو حل کرتا ہے۔ امریکہ دنیا میں شرارت اور شیطنت کا اصلی مرکز اور محور ہے۔
امریکہ نے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کو تشکیل دیا اور یہ وہ آشکار امر ہے جس کا امریکی حکام نے خود اعتراف کیا ہے۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: یوکرائن کا بحران امریکہ کی غلط اور معاندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے امریکہ نے یوکرائن میں عوامی جمہوری حکومت کو گرا کر یوکرائن میں اقتدار اپنے ایجنٹوں کے حوالے کیا ۔ امریکہ کی یوکرائن میں واضح مداخلت کے نتائج آج یوکرائن کے عوام بھگت رہے ہیں۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ کی شام، عراق ، یمن ، لیبیا اور افغانستان میں مداخلت اس بات کا مظہر ہے کہ امریکہ عالمی سطح پر بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے۔ اور امریکہ کی خلاف ورزیوں پر مغربی اور عالمی ادارے خاموش رہتے ہیں۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے یوکرائن میں عبرتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یوکرائن کے مسئلہ نے واضح کردیا ہے کہ امریکہ اور مغربی ممالک پر اعتماد کرنا سراب کے مانند ہے۔ یوکرائن اور افغانستان اس بات کے گواہ ہیں ۔ دونوں حکومتوں کا اصلی اعتماد امریکہ پرتھا اور امریکہ نے عین وقت پر دونوں کو تنہا چھوڑ دیا۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: یوکرائن کے موجودہ صدر اور افغانستان کے فراری صدر اشرف غنی نے اس بات کا خود اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے امریکہ اور مغربی ممالک پر اعتماد کیا اور امریکہ نے مشکل وقت میں انھیں تنہا چھوڑ دیا۔
قائد معظم نے فرمایا: ہر ملک کے عوام اپنے ملک کے استقلال اور آزادی کا اصلی سرمایہ ہیں ، یوکرائن اور افغانستان میں امریکہ کی حمایت یافتہ حکومتوں کو عوام کی حمایت حاصل نہیں تھی ۔ یوکرائن کے صدر کو اگر عوام کی حمایت حاصل ہوتی تو یوکرائن کو موجودہ بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ اشرف غنی کو بھی عوام کی حمایت حاصل نہیں تھی۔
قائد معظم انقلاب اسلامی نے عید مبعث کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا: عید بعثت کا ایک اہم درس یہ ہے کہ ہم اللہ تعالی کی مدد سے ناممکن امور کو ممکن بنا سکتے ہیں۔