مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور توہین کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن کی حکومت کو قرآن کریم کے خلاف توہین آمیز اقدامات کے بارے میں جوابدہ ہونا چاہیے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سویڈن میں ڈنمارک کے ایک نسل پرستی شہری نے آزادی کے نام پر قرآن مجید کی توہین اور بے حرمتی کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے اور ہم ڈنمارک کے نسل پرست عنصر کے توہین آمیز اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ قرآن مجید کی توہین مسلمانوں کے لئے ناقابل قبول ہے۔ قرآن مجید آسمانی کتاب ہے جس کا احترام سب کے لئے ضروری ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سویڈن کی حکومت کو ملزم کے خلاف فوری طور پر اقدام کرنا چاہیے اور اس قسم کے نفرت انگیز اقدامات کو روکنے کے سلسلے میں بھی اپنی ذمہ داری پر عمل کرنا چاہیے۔