مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایرانی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کو ہیرمند کے بارے میں ایران کے حق کا احترام کرنا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ہیرمند اور سرحدی دریاؤں کے بارے میں ایرانی پارلیمنٹ کے نمائندے حبیب اللہ دہمردہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سرحدی دریاؤں اور پانی کے بارے میں تمام قانونی اقدامات انجام دیئے ہیں اور اس مشکل کو حل کرنے کے بارے میں پارلیمنٹ کے نمائندے حبیب اللہ دہمردہ کے ساتھ بھی میں نے متعدد بار تبادلہ خیال کیا ہے۔ امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہم افغانستان کی عبوری حکومت سے ہیرمند کے بارے میں راضی نہیں ہیں لیکن ہم نے افغانستان کی وزارت خارجہ کے حکام کے ساتھ اس مسئلہ کو سفارتی سطح پر اٹھایا ہے اور انھیں بتایا ہے کہ افغانستان کو ہیر مند دریا کے پانی سے متعلق ایران کے حق کا احترام کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے کمال خان ڈیم سے پانی کا کچھ حصہ آزاد کیا اور افغانستان کی عبوری حکومت نے ایران کے اس حق کو تسلیم کیا ہے کہ ایران کو پانی کا حق ملنا چاہیے۔