مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ قم کے مدیر اعلی آیت اللہ اعرافی اٹلی اور ویٹیکن کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے ویٹیکن میں کیتھولک عیسائیوں کے رہنما پاپ فرانسس سے ملاقات کی اور قائد معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای کا زبانی پیغام پاپ فرانسس تک پہنچایا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا: قائد معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای کو میرے سفر کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے اپنے پیغام میں آپ کو سلام پیش کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے آپ کی گذشتہ فعالیت اور لاطینی امریکہ کے ساتھ آپ کے تعلقات کی تعریف کی اور بعض مواقع پر اسلام اور عیسائیت کے درمیان تعلقات میں نرمی لانے اور مظلوموں کے دفاع کے سلسلے میں آپ کے موقف کی تعریف کی ہے اور انہوں نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ ہم آپ سے توقع کرتے ہیں کہ آپ دنیا کے مظلوموں بالخصوص فلسطین اور یمن کے مظلوموں کے دفاع میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور واضح اور شفاف موقف اپنائیں گے۔
آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا: قائد معظم انقلاب اسلامی امید کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام کے دفاع میں ٹھوس قدم اٹھایا جائے گا اور اس کا راہ حل عوامی جمہوری طریقہ اور فلسطین میں موجود تمام مذاہب کے پیروکاروں کے انتخابات اور جمہوری طریقہ پر مبنی ہونا چاہیے۔
پاپ فرانسس نے قائد معظم انقلاب کا پیغام سننے کے بعد کہا: رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ایران کے مراجع اور بزرگانِ دین کو میرا سلام بھی پہنچائیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے جو باتیں کی ہیں ہم بھی انہیں تسلیم اور قبول کرتے ہیں۔
آیت اللہ اعرافی نے اس ملاقات میں آسمانی ادیان کے درمیان باہمی تعاون اور تعامل پر بھی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام آسمانی ادیان مہر و محبت اور انسان دوستی کا درس دیتے ہیں اور ہمیں الہی اور دینی افکار کو عام کرنے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔