سپاہ حفاظت ولی امر (عج) کی اعزازی تقریب سپریم لیڈر کے دفتر کےمسئول بریگیڈئیر جنرل محمد شیرازی اور دیگر کمانڈروں کی موجودگی میں منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر ان چیف "حسین سلامی " نے کہا: امامت ایک مسلسل نعمت اور ایک لامتناہی تحفہ ہے جس سے امت مسلمہ ، اسلامی انقلاب کے عظیم اورتابناک سورج کے طلوع ہونے سے فیضیاب ہوئی ہے۔ امام ، اسلام کا مجسم پیکر ہے۔ اگر ہم اسلام کو انسانی پیکر میں دیکھنا چاہیں ، نیز اسلام، قرآن اور وحی الٰہی کے رواں اور ابلتے سرچشمے سے الہام یافتہ حکمت ہائے الٰہیہ کو انسانی قالب میں ڈھالنا چاہیں تو امام ہی وہ چمکتا دمکتاستارہ ہے جو امت مسلمہ کی رہنمائی کے آفاقی میدان میں ہمیشہ اعلیٰ و ارفع اقدار کی طرف لوگوں کی رہنمائی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: معنویت اور حقیقت کی دنیا میں امامت وہ واحد ستارہ ہے جو کبھی اپنے مقام اور حالت کو نہیں بدلتی اور جو اس کی طرف دیکھتا ہے وہ اپنی سعادت کا راستہ پا سکتا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ امامت ابتدائے اسلام سے انبیائے الٰہی علیہم السلام کی رسالت کا تسلسل رہی ہے، لیکن بدقسمتی سے تاریخ اسلام کے اس اہم حصے میں امت اسلامیہ اس عظیم الٰہی تحفے کی قدر و قیمت کو نہ جان سکی اور غفلت کی وجہ سے ائمہ معصومین(ع) شدید خطرات میں گھِر گئے اور وہ شہید ہو گئے۔تاریخ گواہ ہے کہ اگر اس عظیم الٰہی اور روحانی دسترخوان اور حکمت و فیض الٰہی کے الہام بخش سرچشمے کا پاس و لحاظ نہ رکھا گیا تواللہ تعالیٰ ہماری ناشکری کی وجہ سے اس کی نعمت کو ہم سے چھین لے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جہاد کا جذبہ اور استکبار کے خلاف جدوجہد کا چہرہ انقلاب اسلامی کی قیادت و رہبری کی بنیاد پر تشکیل پاتا ہے ، بلکہ انسانی معاشرے میں پھیل جاتا ہے، مزید کہا کہ آج ایران، اسلامی مزاحمت کا ثابت قدم مرکز ہےاور رہبر معظم انقلاب ، استکبار کے خلاف مزاحمت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔