اپ ڈیٹ: 22 July 2024 - 15:01
رہبر معظم کا صدارتی انتخابات کے اختتام پر پیغام؛

انتخابات کے دوران وجود میں آنے والی رقابت کو رفاقت میں بدلنے کی ضرورت ہے

رہبر معظم نے صدارتی انتخابات کے اختتام پر اپنے پیغام میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نو منتخب صدر کو نصیحت کی کہ عوام کی آسائش، ملک کی پیشرفت اور شہید رئیسی کی راہ کو جاری رکھے۔
خبر کا کوڈ: ۵۷۹۵
تاریخ اشاعت: 15:30 - July 06, 2024

ڈیفپریس کے رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدارتی انتخابات کے اختتام پر رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کامیاب انتخابات کے انعقاد پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور نو منتخب صدر کو نصیحت کی کہ عوام کی آسائش، ملک کی پیشرفت اور شہید رئیسی کی راہ کو جاری رکھے۔

انتخابات کے دوران وجود میں آنے والی رقابت کو رفاقت میں بدلنے کی ضرورت ہے

رہبر معظم کے پیغام کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:

بسم اللہ الرّحمن الرّحیم

والحمد للہ ربّ العالمین والصلاۃ والسلام علی سیدنا محمدٍ و آلہ الطاھرین سیما بقیّۃ اللہ روحی فداہ.

خداوند عزیز و رحیم کا شکر کہ اس کے ارادے اور توفیق سے ایران کی عظیم قوم شہید صدر مملکت کے جاں بحق ہونے کے بھاری غم کے بعد مختصر سے قانونی وقت میں، صدارتی انتخابات کے انعقاد اور لگاتار دو جمعوں میں آزاد اور شفاف پولنگ کرانے میں کامیاب ہوئی اور اس نے کئی امیدواروں کے درمیان اکثریتی ووٹوں سے صدر کا انتخاب کیا۔

الیکشن منعقد کرانے کے محترم ذمہ داروں نے ضروری سرعت اور مکمل امانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں اور عزیز عوام اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے میدان میں آئے اور انھوں نے ایک پرجوش منظر ایجاد کیا اور دو مرحلوں میں ساڑھے پانچ کروڑ سے زیادہ ووٹ بیلیٹ باکسوں میں ڈالے گئے۔

یہ عظیم کارنامہ، الیکشن کے بائیکاٹ کی تیار کردہ سازش کے مقابلے میں جسے ایرانی قوم کے دشمنوں نے مایوسی پھیلانے اور تعطل کا احساس پیدا کرنے کے لیے تیار کیا تھا، ایک درخشاں اور نہ بھلایا جانے والا کام ہے اور تمام محترم امیدوار اور وہ سبھی لوگ جو ان میں سے کسی کی جیت کے لیے ہفتوں تک دن رات کوشش کرتے رہے، اس کے فخر اور ثواب میں شریک ہیں۔

اب ایرانی قوم نے اپنے صدر کا انتخاب کر لیا ہے۔ میں قوم، منتخب صدر اور اس میدان میں سرگرم تمام لوگوں خاص طور پر امیدواروں کا پرچار کرنے والے پرجوش جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سبھی کو ملک کی روز افزوں پیشرفت و عزت کے لیے تعاون اور خیر خواہی کی نصیحت کرتا ہوں۔ مناسب ہوگا کہ الیکشن کے دوران کی رقابت، اب دوستی میں بدل جائے اور ہر کوئی اپنی اپنی توانائی کے مطابق ملک کی مادی اور معنوی ترقی کے لیے کوشش کرے۔

میں منتخب صدر جمہوریہ جناب ڈاکٹر پزشکیان صاحب کو بھی سفارش کرتا ہوں کہ وہ خداوند رحمان پر توکل کرتے ہوئے اعلیٰ اور روشن آفاق پر نظریں جمائیں اور شہید رئیسی کی راہ کو جاری رکھتے ہوئے ملک کی بے پناہ صلاحیتوں خاص طور پر نوجوان، انقلابی اور مومن افرادی قوت سے عوام کی فلاح و بہود اور ملک کی پیشرفت کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔

میں ایک بار پھر اللہ کی بارگاہ میں شکر کی پیشانی ٹیکتا ہوں، حضرت بقیۃ اللہ، امام زمانہ روحی فداہ پر درود و سلام بھیجتا ہوں، شہدائے عالی مقام اور شہیدوں کے امام کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور تمام محترم امیدواروں اور الیکشن کے میدان میں سرگرم افراد کا، جنھوں نے اس حساس وقت میں اپنا کردار ادا کیا اور ساتھ ہی قومی میڈیا، ملک کی سیکورٹی کے محافظین اور الیکشن کا انعقاد کرانے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ ای
6 جولائی 2024

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں