16 October 2024

حادثے کا شکار ہونے والا ایرانی بحری جہاز غرق، تمام افراد جاں بحق

حادثے کا شکار ہونے والا ایران کا تیل بردار بحری جہاز چین کے ساحلوں کے قریب سمندر میں غر‍ق ہو گیا۔
خبر کا کوڈ: ۶۴
تاریخ اشاعت: 16:13 - January 14, 2018

حادثے کا شکار ہونے والا ایرانی بحری جہاز غرق، تمام افراد جاں بحقمقدس دفاع نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت ٹرانسپورٹ و جہاز رانی کے جاری کردہ بیان میں تیل بردار بحری جہاز کے غرق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جہاز کے عملے کے تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔

غرق ہونے والے بحری جہاز پر بتیس ملازمین سوار تھے جن میں تیس ایرانی اور دو بنگلہ دیشی شہری تھے۔

شنگھائی میں موجود ایران کی وزارت ٹرانسپورٹ و جہاز رانی کے خصوصی نمائندے محمد راستاد نے بتایا ہے کہ تیل بردار بحری جہاز میں لگی آگ انتہائی شدت اختیار کر گئی تھی جس کے باعث ایران کے خصوصی امدادی دستے کے ارکان کے لیے اس میں داخل ہونے کا امکان ختم ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سمندر میں موجود خصوصی امدادی دستوں اور ماہرین سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق جہاز کے عملے کے بچنے کا اب کوئی امکان نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چھے جنوری کو مشرقی چین کے ساحلوں کے قریب ہانگ کانگ کا ایک مال بردار بحری جہاز ایران کے تیل بردار بحری جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ سے اس میں آگ لگ گئی تھی۔

امدادی کارکنوں نے حادثے کے بعد کے ابتدائی چند گھنٹے کے دوران ایرانی تیل بردار بحری جہاز کے تین ایرانی کارکنوں کی لاشیں سمندر سے برآمد کی تھیں اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ باقی لوگ بدستور جہاز میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ایران کے تیل بردار بحری جہاز اور ہانگ کانگ کے مال بردار بحری جہاز کے درمیان ہونے والے تصادم کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

پیغام کا اختتام/

آپ کا تبصرہ
مقبول خبریں