مقدس دفاع نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹر رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے اس ملک کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ کابل کا اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں پاکستان کی جانب سے افغانستان کو 40 ہزار ٹن گندم کا تحفہ دینے کے علاوہ کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنےکی اجازت نہیں دیں گے ۔
اعلامیے کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کا امن اور خوشحالی ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے امور کےلیے مل کر کام کریں گے،سیاست کو اقتصادی تعلقات کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے جلد اجلاس پر بھی اتفاق کیا گیااور ساتھ ہی ریلوے روڈ، گیس پائپ لائن اور توانائی کے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
افغان صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم نے چمن، قندہار، ہرات ریلوے لائن، پشاور، کابل موٹر وے منصوبوں پر کام کرنے جبکہ تاپی اور کاسا 1000 منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ کل پاکستان کے وزیر اعظم نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ افغانستان کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔
پیغام کا اختتام/